Live Updates

عمران خان حکومت کے 100 دن تبدیلی کے بجائے مہنگائی کا سونامی ثابت ہوئے ہیں، صوبائی وزیر عبدالباری پتافی

وزیراعظم کے پاس ملک چلانے کیلئے کوئی وژن نہیں، محکمہ لائیو سٹاک کو جدید تقاضوں پر استوارکرنے کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، تقریب سے خطاب

بدھ 28 نومبر 2018 23:38

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2018ء) لائیو اسٹاک و فشریز کے صوبائی وزیر انجینئر عبد الباری پتافی نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت کے 100 دن تبدیلی کے بجائے مہنگائی کا سونامی ثابت ہوئے ہیں، 100 روز میں 100 یوٹرن لینے والے عمران خان اب کہتے ہیں یو ٹرن لینا بڑے لیڈر کا کام ہوتا ہے اس بات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ابھی سیاست سے بہت انجان ہیں اور ان کے پاس ملک چلانے کیلئے کوئی وژن نہیں، سیاسی ناکامیوں کے بعد عمران خان اب انتقام خان بن گئے ہیں، محکمہ لائیو اسٹاک کی طرف سے محکمہ زراعت کے تعاون سے مصنوعی تولیدی عمل کا ایک پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے ہم اپنے مقامی مویشیوں کی نسل کی اقسام کو محفوظ بنا سکیں گے، محکمہ لائیو اسٹاک کو جدید تقاضوں پر استوارکرنے کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وہ مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل لائیو اسٹاک ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور ایگریکلچر انوویشن پروگرام کی طرف سے منعقدہ ایک روزہ جینیٹک گین رومینینٹس ورکشاپ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔صوبائی وزیر انجینئر عبدالباری پتافی نے کہا کہ مویشیوںکے مقامی نسل کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیں جدید تحقیق سے مدد لینی پڑے گی ۔ صوبہ سندھ میں گائے ، بھینسیں ، بکریاں اور دیگر جانوروں کی بہترین اقسام موجود ہیں، انہوں نے بتایا کہ پاکستان دودھ کی پیدا وار میں چوتھا بڑا ملک ہے اور دودھ کے استعمال میں دوسرے نمبر پر ہے اس وجہ سے دودھ کی پید اوار کو بڑھانے کی ضرورت ہے اس حوالے سے ہمیں اچھی سے اچھی نسل کی بریڈنگ کرنی ہوگی، مستقبل میں دودھ کی ضرورت اور زیادہ ہو گی توہمیں اپنے لوگوں کی ضروریات کو مد نظر رکھنا ہوگا، محکمے لائیواسٹاک میں اسٹاف کی قلت کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ محکمے میں بہت سی آسامیاں خالی ہیں بہت جلد 600ویٹرنری ڈاکٹرز کو میرٹ کی بنیاد پرخالی اسامیوں کو پر کیا جائے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سو دن پورے ہو گئے جبکہ تبدیلی کا سونامی مہنگائی کا سونامی ثابت ہوا ہے، سو دن میں سو یوٹرن لینے والے عمران خان اب کہتے ہیں یو ٹرن لینا بڑے لیڈر کا کام ہوتا ہے اس بات سے یہ پتہ چلتا ہے کہ عمران خان سیاست سے بہت انجان ہیں اور ان کے پاس ملک چلانے کیلئے کوئی وژن نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو صحیح معنوں میں عوامی نمائندوں کی ضرورت ہے جوکہ عوام کو ان مسائل سے نکال سکیں، پیپلز پارٹی رہنماؤں کے احتساب سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ان کے رہنماؤں نے ہمیشہ خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ہے، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور قیادت نے جیلیں بھی کاٹی ہیں اور قربانیاں بھی دی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سب کا بلاامتیاز احتساب ہو عمران خان اب انتقام خان بن گئے ہیں سیاسی ناکامیوں کے بعد اب وہ انتقامی کاروائیوں پر اتر آئے ہیں، ڈیم سے متعلق ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ ڈیمز بنیں مگر تمام صوبوں کا اتفاق رائے کا خیال رکھا جائے، کالا باغ ڈیم پر تین صوبوں کو اعتراض ہے تو وفاقی حکومت کو چاہیے کہ بھاشا ڈیم پر کام شروع کرے، سندھ کو پہلے ہی 40فیصد پانی کی قلت کا سامنا ہے جبکہ زراعت اور لائیو اسٹاک انڈسٹریز کا تعلق بھی پانی سے ہے اس لیے سندھ کو اس کے جائز حصے کا پانی دیا جائے۔

بعدازاں جینیٹک گین رومینینٹس کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں انٹر نیشنل لائیو اسٹاک ریسرچ انسٹیٹیوٹ ( آئی ایل آر آئی) کے سینئر سائنسدان ڈاکٹر اوکیو مئاوی نے لائیو اسٹاک میں جینیٹک انجینئرنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے بریڈنگ اور پروڈکشن کے موضوع پر پریزنٹیشن دی انہوں نے بتایا کہ وہ آئی ایل آرآئی کے تعاون سے ایتھو پیا اور تنزانیا میں جینیٹک کے ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جہاں پر دنیا بھر کے مویشیوں کی اچھی نسلوں کی بریڈنگ کی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹرنر شپ کے تحت ہمیں تحقیق کے شعبے میں بہت کام کریں، موجود ہ دور میں دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اس لیے ہمیں تحقیق کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تقاضے بھی دیکھنے ہوں گے، ورکشاپ میں آئی ایل آر آئی کے پاکستان میں نمائندے پروفیسر ایم این ایم ابراہیم ، سیکریٹری لائیو اسٹاک سندھ اعجاز احمد مہیسر ، ڈی جی لائیو اسٹاک عبد القادر جونیجو ، ڈاکٹر فتح مری ، پی اے آر سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عطاء اللہ خان اور چاروں صوبوں کے محکمہ لائیو اسٹاک کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات