شارجہ:ایک ایسا ڈرائیور جس کا گیارہ سالوں میں کبھی چالان نہیں ہوا

محمد حُسین کو دیگر 9 افراد کے ساتھ ٹریفک ایوارڈ سے نواز دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 29 نومبر 2018 17:04

شارجہ:ایک ایسا ڈرائیور جس کا گیارہ سالوں میں کبھی چالان نہیں ہوا
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29نومبر2018ء) امارات میں مقیم بنگلہ دیشی محمد حُسین ایک ایسا ٹریفک قواعد و ضوابط کا پابند ڈرائیور ہے جس کا پچھلے گیارہ سالوں کے دوران ٹریفک خلاف ورزی پر ایک بھی چالان نہیں ہوا۔ اسی باعث اُسے شارجہ پولیس کی جانب سے گزشتہ روز 'Responsible Road Users" ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے محمد حُسین کے علاوہ نو اور افراد کو بھی ٹریفک قانون کی مکمل پاسداری کے باعث اس اعزاز کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

ایوارڈ دینے کی اس تقریب کا انعقاد شیل گولڈ سٹار کنٹیسٹ کے دوران ہوا۔ محمد حُسین گزشتہ گیارہ سالوں سے امارات کی روڈ پر گاڑی چلا رہا ہے، اور اس دوران کبھی بھی اُسے چالان ٹکٹ وصول کرنے کی سُبکی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔34 سالہ محمد حسن گزشتہ 18 سالوں سے فجیرہ میں مقیم ہے اور سیلز کے کام سے وابستہ ہے۔

(جاری ہے)

اُس کا کہنا تھا’’میں شارجہ ایئر پورٹ پر اپنے بھائی کو چھوڑنے کے بعد واپس آ رہا تھا۔

جب میں ہائی وے پر پہنچا تو مجھے احساس ہوا کہ ایک پولیس کار میرا پیچھا کر رہی ہے۔ کچھ منٹوں تک تو میں اسے نظر انداز کرتا رہا، لیکن اُس وقت میری پریشانی بڑھ گئی، جب اس گاڑی نے میرا پیچھا کرنا جاری رکھا۔ اور پھر اچانک اُنہوں نے پچھلی جانب سے میری جانب لائٹ فلیش کی۔ مجھے لگا کہ میں نے یقیناًکسی ٹریفک ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے۔ میں نے فوراً گاڑی روک دی۔

لیکن میری حیرت کی انتہا نہ رہی جب اُنہوں نے مجھے بتایا کہ میں ٹریفک رولز کی ہمیشہ پاس داری کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہوں۔ محمد حُسین کو دورانِ ڈرائیونگ کبھی روڈ ایکسیڈنٹ سے بھی واسطہ نہیں پڑا۔ دو اماراتی اشخاص 19 سالہ خالد جمال اور 24 سالہ مکینیکل انجینئر ناصر احمد عبداللہ یہ بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔