Live Updates

قبائلی علاقہ جات کوقومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اصلاحات کا عمل ان علاقوں کی ترقی اورخوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے

مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعرات 29 نومبر 2018 17:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2018ء) سابق قبائلی علاقہ جات میں میڈیکل کالج، یونیورسٹی، اسپتال، اورکیڈٹ کالج کے قیام جیسے اقدامات کے نتیجے میں ان علاقوں میں شرح خواندگی بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں بھی آئیگی۔قبائیلی علاقہ جات کوقومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اصلاحات کا عمل ان علاقوں کی ترقی اورخوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

یہ بات زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اے پی پی سے گفتگو میں کہی۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات کے چئیرمین اورایسوسی ایٹ پروفیسرمنظورآفریدی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ جنوبی وزیرستان ان علاقوں کی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے ، اسی طرح آئندہ 10 برسوں میں نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ سے سابق فاٹا کیلئے 3 فیصد حصہ ان علاقوں کی ترقی اورخوشحالی میں کلیدی کردار اداکریگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سابق فاٹامیں مقامی حکومتوں اورصوبائی اسمبلی کے بروقت انتخابات سے سیاسی اورانتظامی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا میں آئی ڈی پیز کے تباہ ہونے والے گھروں کی فوری تعمیر وقت کی ضرورت ہے کیونکہ صرف جنوبی وزیرستان میں 15 ہزارسے زائد خاندان اس وقت بھی کمیپوں میں مقیم ہیں۔ خیبرپختونخوا سیکرٹریٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سابق فاٹا کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں 3 فیصد سالانہ حصہ دلانے میں وفاقی حکومت کلیدی کرداراداکرسکتی ہے۔

ضم ہونے والے علاقوں میں افسران کی تعیناتی کے سوال پرانہوں نے کہاکہ اس ضمن میں اچھی ساکھ کے حامل بہترین افسران کاانتخاب کیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ فاٹا میں ماضی میں بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے تاہم پولیٹکل ایجنٹس کے کنٹرول کی وجہ سے بلدیاتی نمائندے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کرسکے، اب یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ انضمام کے بعد انتظامی اوردیگر اصلاحات کا عمل احسن طریقے سے مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کی معمولات متاثر نہ ہوں۔

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسراورمیڈیا ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین سید انعام الرحمان نے بتایا کہ اس وقت آئی ڈی پیز کیلئے فنڈز کا اجراء ایک بڑا مطالبہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ فاٹا میں بدعنوانی کے خاتمے کو بھی ترجیحات میں رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ مقامی خاصہ دارفورسز کے اہلکاروںکو ان کے جائز حقوق ملنے چاہیئے۔ سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے طلباء وطالبات نے فاٹا انضمام کے فیصلے کو سراہا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کوجلد ازجلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے اورحکومت کو اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کرنا چاہئیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات