ْڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر کے زیر صدارت کے ٹی ڈبلیو ایم اے کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 29 نومبر 2018 18:37

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر کے زیر صدارت قصور ٹینریز ویسٹ مینجمنٹ ایجنسی کی مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میںپراجیکٹ منیجر جہانزیب ٹیپو ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات محمد یونس‘ صدر ٹی اے میاں شان الٰہی ‘ ممبرزمینجمنٹ کمیٹی حاجی عبدالغفار ‘میاں فضل الرحمن اور دیگر نے شرکت کی ۔

اس موقع پر پراجیکٹ منیجر نے کے ٹی ڈبلیو ایم اے کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلاًبریفنگ دی ۔ ممبران مینجمنٹ کمیٹی نے کے ٹی ڈبلیو ایم اے کو مزید فعال اور اسکے ریکارڈ کو شفاف بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں ۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ پلانٹ کی استعداد کے مطابق اسے مسلسل چالو رکھا جائے اور فوری طور پر کم ازکم ایک لاگون کی صفائی کا بندوبست کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کے ٹی ڈبلیو ایم اے کے ملازمین کو سوشل سیکورٹی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے پراجیکٹ منیجر کو ہدایت کی کہ کے ٹی ڈبلیو ایم اے سے منسلک سڑکوں اور نالوں کی مرمت کے حوالے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کو لکھا جائے اور متوقع اخراجات کے بارے میں ایک سمر ی بذریعہ کمشنر لاہور حکومت پنجاب کو ارسال کی جائے ۔

ڈپٹی کمشنر نے کے ٹی ڈبلیو ایم اے کے اخراجات کم کرنے اور اس میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ گاڑیوں ‘ٹریکٹرز اور دیگر مشینری کی ریپئرنگ کے حوالے سے لاگ بک مکمل کی جائے اور آئندہ اجلاس میں اخراجات کی تفصیلات مینجمنٹ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے پراجیکٹ منیجر کو ہدایت کی کہ وہ ڈیفالٹرٹینریز کیخلاف متعلقہ محکموں کیساتھ ملکر بھرپور کاروائی کریں اور ادائیگیوں کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران نے کے ٹی ڈبلیو ایم اے میں گہری دلچسپی لینے پر ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمرکا شکریہ ادا کیا ۔