اسلام دشمن قوتیں اسلام کیخلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں،حافظ حسین احمد

دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کیلئے جدوجہد کرناہوگی ، ترجمان جمعیت علمائے اسلام

جمعرات 29 نومبر 2018 19:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں اسلام کیخلاف کھل کر سامنے آگئی ہیں،مغرب کی جانب سے جتنے بھی اسلامی قوانین ، دفعات اور آئینی شقیں ہیں ان کو ختم کرنے کی سازش عرصے سے چل رہی ہے خصوصاً ناموس رسالت اور ختم نبوت کے حوالے سے جو قوانین ہیں ان کے خلاف وہ بالکل کھل کر سامنے آگئے ہیں ایک خصوصی لابی ، کچھ سفارتخانے اور این جی اوز کو خصوصی طور پر نوازا جارہا ہے تاکہ وہ اس میں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہارسکھر میں تحفظ ناموس رسالت ملین میں شرکت کے بعد کوئٹہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مولوی محمد طاہر توحیدی ، مولانا ثناء اللہ، حافظ منیر احمد ایڈوکیٹ، حافظ زبیر احمد، حافظ سعید احمد، حافظ محمود ، ظفر حسین بلوچ، ولی اللہ مغیری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

حافظ حسین احمد نے کہا کہ معاشی طور پر ملک کی صورتحال خراب ہے ،آئی ایم ایف ،ورلڈ بینک سمیت یورپی ممالک جو امداد فراہم کرتے ہیں وہ اسے ختم نبوت قوانین ، اسلامی دفعات وآئینی شقوں کے خاتمے کیساتھ مشروط کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والے حکمران ریاست مدینہ کی طرف جانے کے بجائے تل ابیب کی طرف رخ اختیار کرینگے اور پھر کہیں گے کہ یوٹرن کے بغیر کوئی لیڈر نہیں بن سکتا ۔انہوں نے کہا کہ صبح شام یہ کہنے والے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کی بجائے خود کشی کرلیں گے اب وہ وہی کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی قوم کے ساتھ ملکر قانونی اور آئینی دائرے میں رہ کر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور قوم کو حقائق سے آگاہ کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے معاملے پر تمام طبقات کو یکجان ہوکر کھڑا ہونا ہوگاجس طرح ختم نبوت اور ناموس رسالت کے معاملے پر ہر دور میں کردار ادا کیا گیا اگر ہم اس طرح مختلف گروپوں میں رہیں گے اور ہماری طاقت تقسیم ہوگی تو یقینا اس طرح کے معاہدے بھی ہونگے اور بعد میں خلاف ورزیاں بھی ہونگی مقدمات بھی درج ہونگے جس طرح علامہ خادم رضوی کے ساتھ معاہدے کے بعد حکومت نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کیلئے جدوجہد کرناہوگی اور اس کے لیے ایک کمیٹی بنائی جائے اور لائحہ عمل طے کیا جائے کہ اپنے اپنے مسالک میں رہتے ہوئے حضورؐ کی ناموس اور ختم نبوت کے حوالے سے سب کو ا یک پیج پر ہونا چاہئے اور رابطے قائم کرکے ملکر تحریک چلائی جائے تاکہ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جاسکے۔