اسرائیلی طیاروں کی شام کے علاقوں پر بمباری‘اسد حکومت کا حملہ آورجہاز مارگرانے کا دعوی

تمام میزائل فضا میں ناکارہ بنا دیے گئے ‘ شامی فوج اسرائیل کی طیارہ مار گرائے جانے کی تردید

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 30 نومبر 2018 09:21

اسرائیلی طیاروں کی شام کے علاقوں پر بمباری‘اسد حکومت کا حملہ آورجہاز ..
دمشق(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 نومبر۔2018ء) اسرائیلی فضائیہ نے شام کے کئی علاقوں پر بمباری کی ہے، دمشق کے مضافات اور جنوبی صوبے پر کئی میزائل فائر کیے، شامی فوج کے مطابق تمام میزائل فضا میں ناکارہ بنا دیے گئے ہیں. اسرائیلی طیاروں نے دمشق گورنریٹ کے قصبے کسوہ کونشانہ بنایا جہاں کئی ویئر ہاﺅسز، ریسرچ سینٹرز اور حزب اللہ و پاسداران انقلاب ایران کے اڈے قائم ہیں.

شام کے جنوبی صوبے القنیطہ کے علاقوں پر بھی اسرائیلی افواج کی جانب سے کئی میزائل داغے گئے. شام کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق تمام اسرائیلی میزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنا دیا گیا ہے. دوسری جانب روسی ذرائع ابلاغ نے شامی سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ شام کی سرکاری فوج نے اسرائیل کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا اور چار میزائل ہدف سے پہنچنے سے قبل تباہ کر دیے ہیں جبکہ اسرائیل نے طیارہ مار گرائے جانے کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے.

ذرائع کے مطابق شامی دفاعی فورس نے جنوبی دمشق کے فوجی اہداف پر اسرائیل کی طرف سے داغے متعدد میزائل فضاءمیں تباہ کر دیے. شامی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ میزائلوں سے ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا. خطے کے دو اہم انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے جس علاقے کو بمباری سے نشانہ بنایا ہے وہاں شامی فوج کا ایک ٹیلی کمیونیکیشن اور لاجسٹک سیںٹر قائم ہے، جس میں ایرانی ملیشیا اور حزب اللہ کے جنگجو موجود ہیں.

درایں اثناءاسرائیلی فوج کی طرف سے”ٹوئٹر“پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کی جانب سے زمین سے فضاءمیں مار کرنے والے میزائلوں کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

شامی فوج کی طرف سے ایک گولہ داغا گیا جو وادی گولان میں گرا ہے. اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہوا کہ شام کی طرف سے داغے گئے گولے سے کوئی نقصان ہوا ہے یا نہیں۔ فوج کی تحقیقاتی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں۔ جہاں تک فوج کے جنگی طیارے کو نشانہ بنانے کی بات ہے تو وہ سرا سر بے بنیاد ہے.

قبل ازیں شام کےسرکاری ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ فضائیہ نے اسرائیل کا ایک جنگی طیارہ مار گرایا ہے. ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے کو الکسوہ کے مقام پر مار گرایا گیا تاہم ذرائع ابلاغ میں اس واقعے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا.