Live Updates

شیخ رشید نے اپنی کارکردگی پر خود ہی نمبر دے دیئے

وفاقی وزیر ریلوے نے اپنی کارکردگی پر خود کو دس میں سے بارہ نمبر دے دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 30 نومبر 2018 12:50

شیخ رشید نے اپنی کارکردگی پر خود ہی نمبر دے دیئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2018ء) : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنی سو روزہ کارکردگی پر خود کو دس میں سے بارہ نمبر دے دئے ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ہم سے اللہ نے جو کام لینا تھا اور جو ہم سے بن سکا ہم نے وہی کیا۔ ہمارا پہلے دن سے ہی یہ نعرہ تھا کہ آرام حرام ہے۔

شیخ رشید نے کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ ابھی ہم نے اور بہت کام کرنا ہے۔ وفاقی وزیرریلوے سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنی سو روزہ کارکردگی پر خود کو کتنے نمبرز دیتے ہیں؟ جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں خود کو 10 میں سے 12 نمبرز دیتا ہوں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے پہلے سو روز کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے گذشتہ روز حکومت کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا سمیت صحافیوں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا کہ اسی دوران مہمانوں کی جانب سے شیخ رشید کے حق میں مسلسل نعرے بازی ہونے لگی جس پر وزیر اعظم عمران خان نے تقریر روک کر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو مخاطب کیا اور کہا کہ شیخ صاحب لگتا ہے آپ کا کوئی بہت بڑا فین آیا ہوا ہے ۔

یہ سن کر وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید سمیت تمام حاضرین ہنس پڑے۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید داد کے مستحق ہیں اور وہ ریلوے کے محکمے میں بہت زیادہ محنت کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شیخ رشید کے انقلابی اقدامات کے باعث اب تک حکومت کے پہلے 100 دنوں میں 10 نئی ٹرینوں کا آغاز کیا جا چکا ہے جبکہ محکمہ ریلوے میں 10 ہزار سے زائد بھرتیوں کی بھی منظوری مل چکی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات