سرگودھا یونیورسٹی میں آفس آف ریسرچ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

جمعہ 30 نومبر 2018 18:40

سرگودھا۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2018ء) سرگودھا یونیورسٹی میں آفس آف ریسرچ،انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے زیر اہتمام ’’ تعلیمی اداروں اور انڈسٹری کے درمیان روابط‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں چیمبر آف کامرس،فارماسوٹیکل کمپنیز، ٹیکسٹائل و فوڈ انڈسٹر ی سمیت متفرق انڈسٹریز کے نمائندگان ،ریسرچ سکالر ز، مختلف جامعات سے شعبہ ORICکے نمائندوں اور طلبہ نے شرکت کی۔

سیمینار میں ماہرین نے تعلیمی و تحقیقی اداروں اور انڈسٹری کو قریب لانے ، ان کے درمیان پائیدار روابط کے فروغ ،علوم اور ٹیکنالوجی کے باہمی تبادلہ،مصنوعات کی تیاری و تشہیراور جامعات میں انڈسٹریز سے متعلق پائیدار تحقیق کو فروغ دے کر انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیز میںنئے علوم کی آبیاری کے ذریعے جدید نقطہ نظر کی بنیاد رکھی جاتی ہے اور یوں معاشرہ علم اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ترقی کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور معاشی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک جامعات اور انڈسٹری میں پائیدار و نتیجہ خیز روابط قائم نہیں ہوں گے۔ایگزیکٹو کمیٹی ممبر، لاہور چیمبر آف کامرس ڈاکٹر شاہد رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات علم و تحقیق کے مراکز کی حیثیت سے وسیع پیمانے پر معاشرے کی فلاح و بہبود کا ذریعہ ہیں۔

اس سیمینار کے انعقاد سے انڈسٹری اور اکڈیمیا کو ایک ایسا پلیٹ فارم ملا جہاں معلومات کے تبادلہ،ٹیکنالوجی ٹرانسفر،نئے روابط قائم کرنا اور درپیش مسائل حل کرنا ممکن ہوا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلبہ کو انڈسٹریز میں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنے علم اور صلاحیتوں کی بنیاد پر ترقی کی نئی راہیں کھول سکیں۔ڈائریکٹر پاک چائنہ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکڈیمیا اور انڈسٹری کے لوگ مل کر سی پیک کی وجہ سے پیدا ہونے والے مواقعوں سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

دوسرے سیشن کی صدارت سرگودھا چیمبر آف کامرس کے صدر مرزا فضل الرحمن نے کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جامعات اور انڈسٹری کے درمیان پائے جانے والے خلا کو پُر کرنا وقت کی ضرورت ہے، سرگودھا یونیورسٹی نے اکڈیمیا اور انڈسٹری کے درمیان تعاون کی فضا قائم کر کے احسن اقدام کیا ہے، اس کے سود مند نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور انڈسٹری سے وابستہ افرادقابل، محنتی اور تجربہ کار ہیں جو ریسرچ، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ضلع میں تجارتی اور معاشی ترقی لانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈائریکٹر ORICفاروق انور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعات اور انڈسٹری کے باہمی روابط سے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین،محققین،پالیسی میکرز اور کاروباری سٹیک ہولڈرز کو قریب لانے، کامیاب حکمت عملی و نیٹ ورک مرتب کرنے کا موقع میسر آئے گا ۔ علاوہ ازیں یہ امر جامعات میں انڈسٹری، گورنمنٹ اورسول سوسائٹی کی بہتری کے لیے ریسرچ کو فروغ دینے کا باعث بھی بنے گا۔ٹیکنیکل سیشن میں ستارہ کیمیکل انڈسٹری سے ملک عبدالقیوم رضا،پاکستان فلو رمل ایسوسی ایشن سے طارق سرور اعوان،یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد سے محمد آصف حنیف و دیگر ماہرین نے انڈسٹری اکڈیمیا کے درمیان روابط، سی پیک سمیت مختلف مواقعوں سے استفادہ کرنے کے موضوع پر لیکچرز دئیے۔