سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی کیلئے موقف پیش کرینگے‘طاہرالقادری

شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء نے ثابت قدم رہ کر نئی مثال قائم کی‘سربراہ پاکستان عوامی تحریک

جمعہ 30 نومبر 2018 18:56

سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی کیلئے موقف پیش کرینگے‘طاہرالقادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2018ء) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 5دسمبر کو اسلام آباد میں سانحہ ماڈل ٹائون کی ازسرنو تفتیش کیلئے جے آئی ٹی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے سامنے شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کا موقف پیش کریں گے، نئی جے آئی ٹی کی تشکیل انصاف کا دروازہ کھولنے کیلئے ناگزیر ہے، 4سال تک شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء نے جس استقامت اور ثابت قدمی کے ساتھ حصول انصاف کی جنگ لڑی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے، فرعونی طاقت اور قارونی خزانہ رکھنے والے سابق قاتل اور کرپٹ حکمرانوں نے ورثاء کو گواہیوں سے روکنے اور مقدمے سے منحرف ہونے کیلئے پیسے کی پیشکش بھی کی اور خوفزدہ کرنے کا ہر ہتھکنڈا آزمایا مگر وہ کسی گواہ اور ورثاء کو خرید سکے اور نہ انہیں خوفزدہ کر سکے، ہمیں اپنے ان عظیم کارکنوں پر فخر ہے، وہ گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء سے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ، حافظ غلام فرید، طیب ضیاء و دیگر رہنما موجود تھے، دریں اثناء قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یوتھ لیگ کے 30ویں یوم تاسیس پر اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کا 30سالہ سفر علم اور امن سے محبت کا سفر ہے، 30ویں یوم تاسیس پر میں منہاج یوتھ لیگ کے سابقہ اور موجودہ عہدیداروں اور اندرون و بیرون ملک مقیم لاکھوں نوجوانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے باکردار اور امن کے سفیر محب وطن اور مصطفوی انقلاب کے علمبرداروں منہاج یوتھ لیگ کے نوجوانوں پر فخر ہے جنہوں نے 3 دہائیوں پر پھیلی ہوئی علمی جدوجہد کے دوران کٹھن حالات کا سامنا کیا مگر قلم کو ہاتھ سے گرنے نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم فخر سے یہ کہہ سکتے ہیں منہاج یوتھ لیگ پاکستان کی ایک ماڈل یوتھ تنظیم ہے، جس کا منشور علم اور امن سے محبت ہے، منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان اپنے کرداراور گفتار میں اقبال ؒکے شاہین ہیں۔