کوہاٹ ،ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد

شہریوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے انکے مناسب حل کیلئے موقع پر احکامات صادر کئے

جمعہ 30 نومبر 2018 23:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2018ء) کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود نے لوگوںکے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کے سلسلے میں شہر کے تاریخی جامع مسجد حضرت حاجی بہادرؒمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے انکے مناسب حل کیلئے موقع پر احکامات صادر کئے۔نماز ظہر کے بعد منعقدہ کھلی کچہری میں ایس ڈی پی او سٹی رضا محمد ،ایس ایچ او سٹی محمد علی،ایس ایچ او کینٹ فیاض خان،مختلف بازاروں کے صدور،تاجر تنظیموں کے رہنمائوں،شہر کے اکابرین ،دکانداروں ،سول سوسائٹی کے ارکان،علمائے کرام اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران متحدہ انجمن تاجران کے اراکین حاجی عابد خان،اسرار شنواری،کوہاٹ قومی تحریک کے سرپرست امیر خان آفریدی،سیاسی وسماجی کارکن اصغر ایوب پراچہ،قاری فتح محمد اور دیگر شہریوں نے اپنے مسائل ضلعی پولیس سربراہ کے سامنے پیش کئے جن میں سکول کے اوقات میں شہر کے مختلف سڑکوںخصوصاً جرونڈہ روڈپر بڑھتے ہوئے ٹریفک کے رش،بازاروں میں ناجائز تجاوزات،غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز،نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحانات ،حساس بازاروں میں پولیس بیٹ سسٹم کی فعالی اور شہر میںگاڑیوں کی پارکنگ کیلئے معقول بندوبست کرنے جیسے مسائل شامل تھے۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)واحد محمود نے پیش کردہ عوامی مسائل کے متعلق فوری احکامات جاری کرتے ہوئے بازار میں پولیس گشت بڑھانے اور حساس مارکیٹوں میں بیٹ سسٹم فعال کرنے کا عوامی مطالبہ موقع پر پورا کردیا۔اسی طرح سکولوں کے اوقات میں ٹریفک کے رش پر مئوثر قابو پانے کیلئے اندرون شہر واقع تمام تعلیمی اداروں کے قریب سے گزرنے والے روٹس پر ٹریفک پولیس کے اضافی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگانے کا حکم دیتے ہوئے شہر کی ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے سلسلے میں تاجر برادری کے مربوط تعاون سے خصوصی ٹریفک پلان جلد تشکیل دینے کا عزم ظاہر کیا۔

ضلعی پولیس سربراہ نے بازاروں سے ناجائز تجاوزات ہٹانے اور گاڑیوں کیلئے پارکنگ سٹینڈ کے قیام کے حوالے سے پیش کردہ عوامی مطالبات کو پورا کرنے کی خاطر ضلعی انتطامیہ کے متعلقہ حکام کیساتھ ملکر لائحہ عمل طے کرنے کی بھی حامی بھر لی ہے۔کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن(ر)واحد محمود کا کہنا تھا کہ میرے دائرہ اختیار میں آنیوالے پولیس کیساتھ وابستہ لوگوں کے تمام مسائل انکی دہلیز پر ہی حل کئے جائیں گے اور عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کے مناسب حل میںکوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو زندگی کے تمام شعبہ ہائے میں انکے وابستہ توقعات کے عین مطابق ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور جرائم کے ہر ممکن تدارک اور امن وامان برقرار رکھنے سمیت شہر کی ٹریفک نظام کو منظم و معیاری بنانے کیلئے بھر پور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی پولیس کے دست وبازو بن کر برائیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی اپنی شہری ذمہ داریاں پوری کریں ۔اس موقع پر کھلی کچہری کے شرکاء نے ڈی پی او کو مربوط تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔