Live Updates

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے پہلے 100 دنوں میں بدعنوانی سے پاک حکومت کی، اب تک حکومت کی کارکردگی بہت بہتر ہے، حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں کی بدولت ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور عوام کو فائدہ ہو گا، حکومت صنعتیں لگانے کی طرف توجہ دے رہی ہے ، صنعتیں لگیں گی تو لوگوں کو روزگار ملے گا اور ملک و قوم خوشحال ہوں گے ، پٹرولیم مصنوعات میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کی شرح گزشتہ 10 سال کی کم ترین سطح پر ہے،زراعت کا شعبہ ترقی کے لیے بہت اہم ہے، صنعتیں لگانے سے ملکی معیشت بہتر ہو گی، پاک بھارت امن مذاکرات دونوں ملکوں کے حق میں بہتر ہیں ، خطے کی ترقی کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن ناگزیر ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعہ 30 نومبر 2018 23:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے پہلے 100 دنوں میں بدعنوانی سے پاک حکومت کی، اب تک حکومت کی کارکردگی بہت بہتر ہے، حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں کی بدولت ملک میں معاشی استحکام آئے گا اور عوام کو فائدہ ہو گا، حکومت صنعتیں لگانے کی طرف توجہ دے رہی ہے ، صنعتیں لگیں گی تو لوگوں کو روزگار ملے گا اور ملک و قوم خوشحال ہونگے ، پٹرولیم مصنوعات میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے ، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کی شرح گزشتہ 10 سال کی کم ترین سطح پر ہے،زراعت کا شعبہ ترقی کے لیے بہت اہم ہے، صنعتیں لگانے سے ملکی معیشت بہتر ہو گی، پاک بھارت امن مذاکرات دونوں ملکوں کے حق میں بہتر ہیں ، خطے کی ترقی کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے 100 روز پورے ہو گئے جس دوران کرپشن فری حکومت کی گئی اور اب کوئی قومی خزانے کو لوٹ بھی نہیں سکتا کیونکہ ہم لوٹی ہوئی ملکی دولت کو وطن واپس لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا لیکن موجودہ حکومت کے بروقت اور ٹھوس اقدامات اور موثر و کارآمد پالیسیوں کی بدولت ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے کہ غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے جس کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں، وزیراعظم عمران خان عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتے ہیں جس کے لیے ہم ایک ٹیم کے طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری درآمدات زیادہ اور برآمدات کم ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت اسی جانب توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے کہ ہم اپنی برآمدات میں اضافہ کریں اور درآمدات کو کم کریں تاکہ ہماری مشکلات کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حالیہ ایکسپورٹ میں اضافہ ہو اہے جبکہ امپورٹس میں کمی آئی ہے اور زرمبادلہ کے زخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وقت جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی ذمہ دار پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ناکام پالیسیاں ہیں جنہوں نے اپنے آخری دو سالوں میں ڈالر کو نیچا رکھنے کے لیے تقریبا 5 بلین ڈالر خرچ کیے۔

ٖچوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت اور حکومت کی موثروکارآمد پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کار بھی یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو بہت مثبت بات ہے، اس کے علاوہ پیپسی، کوکا کولا، ایگزون اور سوزوکی جیسی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہیں جو موجودہ حکومت پر ان بڑی کمپنیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت بالکل درست سمت پر گامزن ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ایک خوشحال پاکستان بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین کا معاملہ جلد حل ہو جائے گا، اپوزیشن کا یہ ایک غیر اخلاقی مطالبہ ہے کہ چھوٹا بھائی بڑے بھائی کے منصوبوں کا آڈٹ کرے جسے نہیں مانا جا سکتا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کے خلاف کارروائی ملکی قانون کے مطابق کی جا رہی ہے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات