سابق امریکی صدر بش سنیئر94سال کی عمر میں انتقال کرگئے

امریکی افواج اور سی آئی اے کے لیے خدمات انجام دیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 1 دسمبر 2018 12:19

سابق امریکی صدر بش سنیئر94سال کی عمر میں انتقال کرگئے
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم دسمبر۔2018ء) سابق امریکی صدر جارج بش (سنیئر) طویل علالت کے بعد 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں. ان کے انتقال کا اعلان ان کے بیٹے جارج ڈبلیوبش( جونیئر) نے کیا. تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش(سنیئر) گزشتہ روز 94 برس کی عمر میں انتقال کرگئے جن کی موت کاباضابط اعلان ان کے بیٹے جارج بش جونیئر نے آج کیا ہے.

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر جارج بش(سنیئر) مارچ میں اپنی اہلیہ باربرا بش کے انتقال کے بعد سے ہسپتال میں زیر علاج تھے انہیں کینسرجیسی مہلک بیماری کے باعث ہسپتال کے انتہائی نگداشت کے یونٹ میں رکھا تھا.

(جاری ہے)

امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جارج والکر بش(سنیئر) 12 جون 1924 کو امریکی ریاست میساچوسٹس کے علاقے ملٹن میں پیدا ہوئے .

بش خاندان کے ترجمان جیم میک گریتھ نے کہا کہ مسٹر بش کو ان کی اہلیہ کے انتقال سے شدید دھچکا پہنچا تھا باربرا بش ان کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ عزیزہستی تھی جن کی73سالہ رفاقت کے خاتمے نے انہیں توڑدیااور وہ باربرا بش کے انتقال کے بعد صرف 8ماہ ہی زندہ رہ پائے. ان صاحبزادے سابق امریکی صدر بش جونیئرنے بھی اپنے والد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خاندان کے تمام افراد کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں.

انہوں نے خصوصا ریاست فلوریڈا کے سابق گورنر اور صدارتی امیدوار اپنے چھوٹے بھائی جیب بش کا تذکرہ کیا. جارج بش سینیئر 1964 میں ری پبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر سیاست میں آنے سے پہلے دوسری جنگ عظیم میں ہوا باز اور ٹیکسن آئل کمپنی کے مالک تھے. انہوں نے اقوام متحدہ میں امریکا کے سفیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں‘وہ مختلف عہدوں پر فائزرہے 1975میں وہ ری پبلیکن نیشنل کمیٹی کے 49ویں چیئرمین بنے جوکہ پارٹی میں ایک اہم عہدہ تصور کیا جاتا ہے.

1976میں انہیں امریکی خفیہ ایجنسی ”سی آئی اے “کا سربراہ نامزد کیا گیا انہوں نے ایک سال تک اس عہدے پر خدمات انجام دیں . بش سنیئر اور بش جونیئر دونوں باپ بیٹے میں فوج میں نوکری اور سی آئی اے کی سربراہی سمیت بہت ساری مشترکات تھیں دونوں امریکا کے اعلی ترین عہدے یعنی صدارت پر فائز رہے . بش خاندان کو عالمی سطح پر تیل کی تجارت میں ایک بڑا کھلاڑی سمجھا جاتا ہے خیال کیا جاتا ہے کہ صدر کی حیثیت سے 1990-91کی پہلی گلف وار عراق اور کویت سمیت مشرق وسطحی کے تیل کو کنٹرول میں کرنے کے لیے ڈائزائن کی گئی جس کے خدوخال بش خاندان اور تیل کی تجارت کے دیگر بڑے کھلاڑیوں نے ڈائزائن کیئے تھے.

بش سنیئرکے دور میں ہی روس اور امریکا کے درمیان جاری طویل سرد جنگ کا خاتمہ روسی فیڈریشن کے ٹوٹ جانے سے ہوا . سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش(سنیئر) نے 1981 سے 1989 تک متحدہ ہائے امریکا کے 43 ویں نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں تھی جبکہ 1989 میں جارج بش سینیئر امریکا کے 41 ویں صدر منتخب ہوئے تھے اور 1993 تک صدر کی حیثیت سے امریکی شہریوں کی نمائندگی کی.

خیال رہے کہ سابق امریکی صدر کے صاحبزادے جارج ڈبلیو بش جونیئر بھی 2000 میں امریکا کے صدر منتخب ہوئے تھے، وہ دو مرتبہ صدر کے عہدے پر فائز رہے، جبکہ ان کے ایک اور صاحبزادے جیب بش 1999 سے 2007 تک امریکی ریاست فلوریڈا کے گورنر رہے جیب بش 2016کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی نمائندگی کے لیے میدان میں اترے مگر انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی.