حکومت صحت کی سہولیات کی فراہمی میں سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت

ہفتہ 1 دسمبر 2018 12:46

ایبٹ آباد۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین اور رکن قومی اسمبلی عظمیٰ ریاض جدون نے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آبا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم اسحاق ذکریا اور شہر کی سماجی اور سیاسی شخصیات بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ ڈاکٹر نوشین نے ہسپتال میں علاج کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال میں موجود سہولیات اور درپیش چیلینجز سے متعلق انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، سی سی یو، آئی سی یو اور نام نہاد برن یونٹ کا بھی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر انہوں نے مدر اینڈ چائلڈ کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ ڈاکٹرروبینہ بشیر اور ڈاکٹر شاندانہ نے مدر اینڈ چائیلڈ کیئر سنٹر سے متعلق مہمانان گرامی کو آگاہ کیا۔ مدر اینڈ چائیڈ کیئر سنٹر کی خدمات پر عظمیٰ ریاض جدون، اسحاق ذکریا اور پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر نوشین نے سنٹر کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکومت کی طرف سے مزید بہتری کے اقدامات کا عندیہ دیا۔