کھلابٹ کی تاجر برادری پانچ روز کے انددر سیکورٹی کیمروں کی تنصیب کا انتظام کرے، ایس ایچ او چن زیب تنولی

ہفتہ 1 دسمبر 2018 12:50

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) کھلابٹ کی تاجر برادری پانچ روز کے اندر اپنی دکانوں، ہوٹلوں اور صرافہ شاپس میں سیکورٹی کیمروں کی تنصیب کا انتظام کرے، پانچ روز کے بعد عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کھلابٹ ان کیلئے اور اورکھلابٹ کے عوام کیلئے نئے نہیں، جرائم کو جڑ سے اکھاڑنے کا مشن لیکر آئے ہیں جس کی کامیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار تھانہ کھلابٹ میں نو تعینات ایس ایچ او کیڈٹ چن زیب خان تنولی نے یہاں اپنے دفتر میں کھلابٹ کی صحافی اور تاجر برادری کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت شریف اور عزت دار شہری مصلحت کا شکار ہو کر خاموشی اختیار کریں گے تو مٹھی بھر جرائم پیشہ عناصر معاشرہ کیلئے بڑے ناسور بن جائیں گے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تمام تر صلاحتیں بروئے کار لا کر قانونی کارروائی کی جائے گی، شریف شہریوں اور تاجروں کے وقار اور ان کے جان و مال کے تحفظ کیلئے دن رات ایک کیا جائے گا، منشیات کا خاتمہ ان کیلئے چیلنج ہے، اصل منشیات فروشوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے تاجروں کے مسائل سنے اور تاجروں کو سیکورٹی سسٹم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی ہدایت کی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کھلابٹ کے شہریوں اور تاجربرادری کو کوئی مشکلات درپیش ہوں تو براہ راست ان سے رابطہ رکھیں، ہر ممکن مسائل کا خاتمہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :