راس الخیمہ : معروف پاکستانی حجام سڑک عبور کرتے ہوئے جاں بحق

معمر حجام تیز رفتار کار کی زد میں آکر موقع پر ہی دم توڑ گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 1 دسمبر 2018 13:21

راس الخیمہ : معروف پاکستانی حجام سڑک عبور کرتے ہوئے جاں بحق
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم دسمبر2018ء) راس الخیمہ میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی حجام اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ پولیس کے مطابق 57 سالہ پاکستانی شہری طویل عرصے سے روزگار کی غرض سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھا۔ اُس نے دہن روڈ پر راہگیروں کے لیے مخصوص مقام کی بجائے غیر مقررہ مقام سے سڑک عبور کرنے کی کوشش کی لیکن ایک کار کی زد میں آ گیا۔

یہ کار ایک 26 سالہ اماراتی نوجوان چلا رہا تھا۔ راس الخیمہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سنٹرل آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد سعید الحامدی نے بتایا کہ آپریشنز روم کو اس واقعے کی اطلاع شام 6بج کر 10 منٹ پر مِلی۔ جس پر پولیس پٹرول اور امدادی عملے کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تاہم طبی عملے کو اُس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب اُنہوں نے دیکھا کہ پاکستانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حادثے کے فوراً بعد ہی دم توڑ چُکا تھا۔

متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کی غرض سے قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیاجبکہ حادثے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات سرکاری استغاثہ کو منتقل کر دی گئی ہیں۔ ڈاکٹر الحامدی نے بتایا کہ بدقسمت پاکستانی راس الخیمہ میں حجامت کے پیشے سے وابستہ تھا، اُس کی کاریگری کے پُوری ریاست میں چرچے تھے۔ اسی وجہ سے غیر مُلکیوں کے علاوہ مقامی افراد بھی اُس کے سیلون کا رُخ کرتے تھے۔ ڈاکٹر الحامدی نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ سڑکیں صرف مخصوص مقامات سے ہی عبور کیا کریں تاکہ اُن کی قیمتی جانوں کو سنگین خطرات لاحق نہ ہوں۔