عجمان: کار پارکنگ سے ہزاروں درہم چُرانے والا گینگ گرفتار

ملزمان پہلے بھی اس نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 1 دسمبر 2018 13:54

عجمان: کار پارکنگ سے ہزاروں درہم چُرانے والا گینگ گرفتار
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم دسمبر2018ء) پولیس نے چار افراد کو پارکنگ میں کھڑی ایک کار میں سے ہزاروں درہم کی رقم چُرانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان ملزمان نے ایک شخص کا کافی دیر سے پیچھا کر رہے تھے جس نے ایک اے ٹی ایم سے 35 ہزار درہم کی رقم نکلوائی تھی۔ کار سوار نے گاڑی ایک پارکنگ میں کھڑی کی اور کسی کام سے چلا گیا۔

ملزمان جو اس موقعے کی تاک میں تھے اُنہوں نے گاڑی کا شیشہ توڑا مگر اُس وقت اُنہیں شدید مایوسی ہوئی جب کار کے اندر سے کوئی رقم برآمد نہ ہوئی۔ کیونکہ کار سوار اے ٹی ایم سے نکلوائی گئی رقم اپنے ساتھ ہی لے کر گیا تھا۔ عجمان پولیس کے کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (CID) کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل احمد سعید الُنعیمی نے بتایا کہ گرفتار کیا گیا یہ گینگ بڑے منظّم طریقے سے کارروائیاں انجام دیتا تھا۔

(جاری ہے)

ملزمان ایسے لوگوں پر نظر رکھتے تھے جو بینک سے رقم نکلوا کر نکلتے تھے۔ اگر یہ شخص راستے میں کہیں گاڑی روک کر کسی اور جگہ جاتا تو یہ لوگ گاڑی کے پاس پہنچ جاتے اور اس کا شیشہ توڑ کر رقم چُرا کر فرار ہو جاتے ۔ وقوعہ کے روز ایک بزنس مین نے بینک سے پینتیس ہزار درہم کی رقم نکلوائی اور پھر اپنے گھر کا رُخ کیا جہاں اُس نے رقم گھر پر رکھ دی۔ اس کے بعد وہ کسی کام کے سلسلے میں وزارت صحت کے دفتر گیا اور ہیں گاڑی پارک کر دی۔

تاہم جب وہ واپس آیا تو اُس نے دیکھا کہ گاڑی کا شیشہ ٹُوٹا ہوا تھا۔ جس پر اُس نے پولیس کو چوری کی اس ناکام واردات کی اطلاع دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی تو کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت ہو گئی، جن کا تعلق ابو ظہبی سے تھا۔ اس کے بعد ابو ظہبی پولیس کے تعاون سے ان چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف عنقریب مقامی عدالت میں چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا مقدمہ چلایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :