غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کی ریگوائزیشن ، نان کمرشل موبائل فونز کی درآمد کو ریگولرائز کرنے کیلئے نیا طریق کار جاری

نان کمرشل درآمدی موبائل فون کیلئے کسٹمز نوٹیفکیشن 2018ء کے ایس آر او 1455اور کسٹمز جنرل آرڈر 2018ء کے 6کے تحت نافذ العمل ہوگا

ہفتہ 1 دسمبر 2018 14:41

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کی ریگوائزیشن اور نان کمرشل موبائل فونز کی درآمد کو ریگولرائز کرنے کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹی کے ساتھ کا نیا طریق کار جاری کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نان کمرشل درآمدی موبائل فون کے لیے کسٹرمز کا طریق کار کسٹمز نوٹیفکیشن 2018ء کے ایس آر او 1455 اور کسٹمز جنرل آرڈر 2018ء کے 6کے تحت نافذ العمل ہوگا۔

اس طریق کار کے تحت 31دسمبر 2018ء تک غیر رسمی طریقے سے غیر قانونی طور پر لائے گئے موبائل فونز ڈیوٹی/ٹیکسز کی ادائیگی کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای)کے ساتھ رجسٹرڈ ہوجائیں گے تاہم ایسے تمام موبائل فونز پر جرمانے کی ادائیگی معاف ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

طریق کار کے مطابق غیررجسٹرڈ موبائل ڈیوائس رکھنے والا فرد رضا کارانہ طور پر قریبی کسٹمز کلیکٹریٹ سے رابطہ کرے اور اپنی ڈیوائس کی آئی ایم ای آئی تفصیلات کی نقل کے ساتھ ایک بیان حلفی جمع کرائے۔

جس کے تحت کسٹمز افسر پہلے جمع کرائی گئی تفصیلات کی تصدیق کرے گا اور بیان حلفی کی توثیق کرتے ہوئے ڈیوائس کو ضبط کر لے گا۔اس کے بعد وہ فرد سرٹیفکیشن آف کمپلائنس (سی او سی)جاری کرنے کے لیے پی ٹی اے میں توثیق شدہ بیان حلفی کو ایک درخواست کے ساتھ جمع کرائے گا۔ بعد ازاں سی او سی حاصل کرنے کے بعد درخواست گزار کسٹم انتظامیہ سے موبائل کے حصول کے لیے رابطہ کرے گا۔

ان تمام انتظامی عمل کے بعد اس ڈیوائس پر کسٹمز ڈیوٹی کا تعین کیا جائے گا جس کی رقم نیشنل بینک آف پاکستان میں جمع ہوگی اور اس فرد کو موبائل فون واپس کردیا جائے گا۔تاہم یہ بات واضح رہے کہ سی او سی کے جاری نہ ہونے کی صورت میں وہ موبائل فون ضبط کرلیا جائے گا۔طریق کار میں یہ واضح کی گیا ہے کہ 31 دسمبر کی ڈیڈلائن کے بعد غیرقانونی موبائل ڈیوائسز کو ریگولرائز کرانے کا کوئی آپشن باقی نہیں رہے گا اور ایسی تمام ڈیوائسز فوری طور پر ضبط کرلی جائیں گی۔

اس کے علاوہ ان تمام ڈیوائسز کو پی ٹی اے کے ڈیوائس آئیڈنٹی فکیشن رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹم (ڈی آر آئی بی ایس)کے ذریعے مستقل طور پر بلاک کردیا جائے گا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ذاتی استعمال یا تحفے کے لیے پوسٹل سروس یا کوریئر کے ذریعے درآمد ہونے والی غیر رجسٹرڈ موبائل ڈیوائسز کے لیے بھی نیا طریق کار وضح کردیا۔ایسی موبائل ڈیوائسز کو کسٹمز انتظامیہ روک لے گی اور درخواست گزار کو ایک مہر لگا بیان حلفی جاری کرے گی جس کے ساتھ ہی درخواست گزار پی ٹی اے پورٹل کے ذریعے دستاویزات جمع کراکر سی او سی کی سرٹیفکیشن کے لیے اپلائی کرے گا۔

اس کے بعد پی ٹی اے روکی گئی ڈیوائسز کی واپسی کے لئے درخواست گزار کی ایس او پی کے مطابق آن لائن سی او سی جاری کرے گا جس کی نقل کسٹم انتظامیہ کو دی جائے گی۔پی ٹی اے کی جانب سے سی او سی کے جاری کرنے کے بعد درخواست گزار کسمٹز کو قابل وصول ڈیوٹی/ٹیکسز جمع کرائے گا جس کے بعد روکی گئی ڈیوائسز صارف کو واپس کردی جائے گی۔علاوہ ازیں بین الاقوامی مسافروں کی موبائل ڈیوائسز کو ریگولرائز کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر کسٹمز کانٹرز قائم کردئیے گئے ہیں جہاں بیان حلفی فارم کے ذریعے انہیں ریگولرائز کردیا جائے گا۔