چیف جسٹس و وزیراعظم ڈیم فنڈ کیلئے پارلیمنٹرینز اور پی سی بی کی ٹیموں کے مابین چیریٹی کرکٹ میچ، سنسنی خیز مقابلے کے بعد پارلیمنٹرینز الیون نے میچ جیت لیا

ہفتہ 1 دسمبر 2018 17:29

چیف جسٹس و وزیراعظم ڈیم فنڈ کیلئے پارلیمنٹرینز اور پی سی بی کی ٹیموں ..
اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) چیف جسٹس و وزیراعظم ڈیم فنڈ کے لئے پارلیمنٹرینز اور پی سی بی کی ٹیموں کے مابین چیریٹی کرکٹ میچ کھیلا گیا جو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پارلیمنٹرینز الیون نے جیت لیا۔ بدھ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شالیمار کرکٹ سٹیڈیم میں وزارت اطلاعات اور مارگلہ ٹینس و کرکٹ کلب کی جانب سے اس چیریٹی میچ کا اہتمام کیا گیا۔

پارلیمنٹرینز الیون میں وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ علی زیدی، اراکین قومی اسمبلی علی اعوان، خرم نواز، ڈپٹی میئر اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن ذیشان علی نقوی کے علاوہ ٹی وی اینکرز حامد میر، کاشف عباسی، محمد مالک، عاصم رضا اور فرحان شفیق شامل تھے جبکہ پی سی بی الیون میں ذاکر خان، شعیب اختر، عمر گل، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری، محمد وسیم اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹرینز الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 163 رنز کا ہدف دیا۔ کامران ریاض نے 44 اور ذیشان نقوی نے 33 رنز سکور کئے جس کے جواب میں پی سی بی الیون 147 رنز بنا سکی اور یوں پارلیمنٹیرینز الیون نے میچ 16 رنز سے جیت لیا۔ میچ کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر نعیم الحق نے بھی گرائونڈ کا دورہ کیا اور کچھ دیر میچ دیکھا۔