Live Updates

جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکریٹریٹ بنے گا، آئندہ بجٹ میں الگ سالانہ ترقیاتی پروگرام رکھاجائے گا، لوگوں کو سہولتیں ملیں گی

اور علاقے کا معیارزندگی بھی بہترہوگا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ایمرسن کالج کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 دسمبر 2018 17:53

جنوبی پنجاب کیلئے الگ سیکریٹریٹ بنے گا، آئندہ بجٹ میں الگ سالانہ ترقیاتی ..
ملتان۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) وزیرخارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمو دقریشی نے کہاہے کہ گورنمنٹ ایمرسن کالج بوسن روڈ ملتان ایک تاریخی درس گاہ ہے جس کوقائم ہوئے تقریباً 95 سال ہوگئے ہیں، یہاں سے بڑے بڑے نامورلوگوںنے تعلیم حاصل کی جن میںادیب، شاعر، ماہرین تعلیم ، سائنسدان، ڈاکٹراوربڑے بڑے عہدوں پرفائز دیگرلوگ شامل ہیں، اس ادارے کاتحریک پاکستان میں بھی اہم کردار رہاہے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنی1920ء میں قائم ہونے والے ملتان کے قدیم تعلیمی ادارے ایمرسن کالج میں سابق طلباء کی تنظیم ایمرسونین کی جنرل کونسل کے پانچویں سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوںنے کہاکہ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی جیسے نامور لوگ بھی اس ادارے سے منسلک رہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداربھی اس ادارے کے طالب علم رہے ہیں۔

شاہ محمو دقریشی نے کہاکہ پرنسپل صاحب اورصدر ایمرسونین نے کالج کی جن مشکلات کاذکر کیاہے وہ جائز ہیں، صاف پانی، سڑکوں، کمروں اورہاسٹل کی تعمیر کالج کی اہم ضرورت ہے، اس سلسلے میں ذاتی طور پر وزیراعلیٰ سے بھی درخواست کروں گا اورکہوں گاکہ وہ بھی اپنے اس ادارے کا دورہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کی محرومیوں اورمسائل کے حل اوراداروں کی بہتری کیلئے طریقہ کار وضع کیا ہے، اس سلسلے میں ملتان میں ایک سول سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا تاکہ جنوبی پنجاب کے لوگوں اوراداروں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور نہ جاناپڑے اور وہ ملتان ہی سے اپنے تبادلوں تقرریوں کے معاملات حل کرواسکیں۔

اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لئے الگ سالانہ ترقیاتی پروگرام بھی رکھاجائے گا تاکہ اس خطے کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابرلایا جاسکے، اس سے نہ صرف لوگوں کو سہولتیں ملیں گی بلکہ علاقے کا معیارزندگی بھی بہترہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت یہ خطہ موسمیاتی تبدیلیوں کی زدمیں ہے،اس لئے کلین اینڈگرین پاکستان مہم میں حصہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ لوگوں کو آگے بڑھناچاہیے اوراس منصوبے میں حصہ لے کر ایک ذمہ دار شہری ہونے کاثبوت دیناچاہیے۔ انہوںنے طلباء وطالبات کوہدایت کی کہ وہ اپنی تعلیم پرخصوصی توجہ دیں۔ انہوںنے کہاکہ آپ اس قوم کاسرمایہ ہیں،آپ نے پڑھ لکھ کرنہ صرف اپنے خاندان کی مددکرنی ہے بلکہ پوری قوم کو سپورٹ کرناہے، وقت بہت تیزی سے گزرجاتاہے، کبھی ہمارے والدین ہمیں پڑھنے کیلئے بھیج رہے تھے ،آج ہمارے بچے بھی یونیورسٹیوں سے پڑھ کرآگئے ہیں۔ آخرمیںانہوںنے ایم اے، ایم ایس سی، بی ایس اورکھیلوں میںنمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلباء وطالبات کو میڈل بھی پہنائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات