Live Updates

وزیراعظم کا گورنر ہائوس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم ،جنگلہ لگایا جائے گا ‘فیاض الحسن چوہان

عمران خان کا ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار ،واضح کیا ہے ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے معیشت کو آج جس بدترین صورتحال کا سامنا ہے وہ سابق حکمرانوں کی بدعنوانی، عیاری اور غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہے‘صوبائی وزیر

ہفتہ 1 دسمبر 2018 21:17

وزیراعظم کا گورنر ہائوس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم ،جنگلہ لگایا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہائوس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے،وزیراعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے۔ایوان وزیر اعلیٰ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے لاہور کا ایک روزہ دورہ کیا۔

دورے کے دوران پنجاب حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سی ایم سیکرٹریٹ کا خرچہ پہلے 55لاکھ روپے ماہانہ تھا جو اب کم ہو کر 8لاکھ روپے ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گورنر ہائوس کوئی تاریخی جگہ نہیں، ایک آفس ہے اور وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا ہے۔

48سے 72گھنٹے میں گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گا،دیواریں گرا کر جنگلہ لگایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ٹرانسفر پوسٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ٹرانسفر پوسٹنگ میں کسی وزیر کا نام نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں پہلے خالصتاً سیاسی بنیادوں پر بنائی جاتی تھیں، نئی پرائس کنٹرول کمیٹیاں بہتر کام کریں گی۔

علاوہ ازیں انہوں نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ایک ٹوئیٹ ’’مہنگا ھوا نان۔۔کیا یہ ھے نیا پاکستان۔۔جواب دو عمران خان‘‘کے ردعمل میں کہا کہ معیشت کو لگی تھی بیماری۔۔خزانے کو کھا گئی اس کی عیاری۔۔اس بیماری کا بوجھ اٹھائے پھرتی تھی ایان علی بیچاری۔۔بیماری کا نام ھے آصف علی زرداری۔۔!!۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے مہنگائی کا جواب مانگنے والے بلاول بھٹو پہلے اپنے والد کی عیاری اور بدعنوانی کا حساب دیں کہ کس طرح انہوں نے ماڈل ایان علی اور دیگر اداکاراؤں کے ذریعے ملکی دولت باھر بھجوائی قومی خزانے کو بیدردی سے لُوٹا. قومی خزانے کو جو بیماری لگی تھی اس کا نام زرداری ہے اور اس بیماری کا بوجھ ایان علی اور اسطرح کی ماڈلز اور اداکارائیں اٹھائی پھرتی تھیں۔

واضح رہے کہ فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک گزشتہ بیان میں بھی آصف زرداری کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ھوئے کہا تھا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی والے اپنے لیڈر کی وکالت کررہے ہیں کہ آصف زرداری کا جعلی اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں دوسری طرف آصف زرداری خود میڈیا کے سامنے آکر اپنے منہ سے کہتے ہیں کہ ہاں اکاؤنٹس میں نے بنائے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی والوں کو یہ بات سمجھ لینی چائیے کہ وہ دور گزر گیا جب ایان علی جیسی ماڈلز اور اداکاراؤں کے ذریعے پیسے ملک سے باھر بھیجے جاتے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات