منشا بم کی طرف سے لوگوںکی زمینوںپرناجائز قبضے کا معاملہ،آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

ہفتہ 1 دسمبر 2018 21:24

منشا بم کی طرف سے لوگوںکی زمینوںپرناجائز قبضے کا معاملہ،آئی جی پنجاب ..
لاہور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے منشا بم کی جانب سے زمینوں پر قبضے کے معاملے میں متاثرین کو انصاف کی فوری فراہمی کیلئے ایس پی صدر (لاہور )علی رضا کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کے دیگر ممبران میں ایس پی انویسٹی گیشن(لاہور) محمد راشدہدایت جبکہ ایل ڈی اے اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے ایک ایک خصوصی نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل ہونگے۔

آئی جی پنجاب کی ہدایا ت کے مطابق ایس پی صدر ہفتہ میں ایک بارکھلی کچہری منعقد کریں گے اور متاثرین کی شکایات براہ راست سنیں گے ۔کھلی کچہری میں متاثرین کی طرف سے موصول شدہ درخواستوں کو قانونی کاروائی کیلئے متعلقہ محکموںکو بھجوایا جائے گا تاکہ لوگوں کو انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جاسکے جبکہ آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی براہ راست ذاتی طور پر خود بھی کمیٹی کی مانیٹرنگ کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور وقاص نذیر کے دفتر میں ایک خصوصی سیل بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں متاثرین اپنی شکایات کے سلسلے میں ان نمبروں 0300-8437298اور042-99214888پر فوکل پرسن اے ڈی آئی جی احمد سلیم سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔آئی جی پنجاب نے متاثرین کی سہولت کیلئے میڈیا پر آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔