ملاکنڈ ڈویژن میں عوامی مشکلات کے جلد ازالے اور اداروں کی فعالیت کا سلسلہ جاری رہے گا،سیدظہیرالاسلام

ہفتہ 1 دسمبر 2018 21:58

پشاور۔یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) کمشنر ملاکنڈ سید ظہیر الاسلام شاہ نے کبل ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران ملاکنڈ ڈویژن کے تین اضلاع شانگلہ، دیرپائیںاور ملاکنڈ کے زیر تبادلہ ڈپٹی کمشنروں تاشفین حیدر، سرمد سلیم اور شاہد محمودکو ان کی عمدہ خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز دیئے اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تینوں سینئر افسران کی حسن کارکردگی اورصلاحیتوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی جگہ لینے والے نئے انتظامی افسران بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اضلا ع میں امن وامان کی بہتری، محکموں کو ہر قسم کی بد انتظامی اورکرپشن سے پاک کر کے شفاف وفعال بنانے نیز سروس ڈیلیوری اور عوامی مسائل کے حل کو یورپی ترقی یافتہ ممالک کی طرح خود کار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

کمشنرملاکنڈ نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے تینوں افسران کو اللہ تعالیٰ نے منفرد اور خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے تاشفین حیدرنے شانگلہ کے طول و عرض میں جگہ جگہ بڑی باقاعدگی سے کھلی کچہریوں کا انعقاد کرکے عوام کے درمیان رہنے ، انکے مسائل حل کرنے اور محکموںکی کارکردگی بہتر بنانے کا انتہائی موثر سلسلہ شروع کیا تو دوسری طرف سرمد سلیم نے دیر پائیں کے تنگ بازاروں اور شاہراہوں سے بلامتیاز تجاوزات ہٹا کر انہیں کشادہ بنانے، ضلع و تحصیل کچہریوں کے اندر جاکر عوامی مسائل سننے اور قانون، میرٹ و انصاف کی بالادستی یقینی بنانے میں عدلیہ کی بھی ہر طرح معاونت کی جبکہ شاہد محمود نے ضلع ملاکنڈ کے کونے کونے سے منشیات فروشی اور لاقانونیت کو مٹا کر دم لیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں سے سبکدوش یہ تینوں افسران اپنے نئے عہدوں سے بھی اسی طرح انصاف کرینگے اوریہ سول افسران کا طرہ امتیاز بھی ہے کمشنر ملاکنڈ نے یقین دلایا کہ پورے ملاکنڈ ڈویژن میں عوامی مشکلات کے جلد از جلد ازالے اور اداروں کی مضبوطی و فعالیت کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا کیونکہ ماضی میں یہاں کے لوگ بڑی مشکلات سے گزرے ہیںاور دہشت گردی کے ہاتھو ں آگ اور خون کا سمندر پار کرچکے ہیںتاہم عوام کی قربانیاں رنگ لا چکی ہیں اور سوات سے دہشت گردی کا یہ تاریک دور گزر چکا اب ایک روشن مستقبل ان کا منتظر ہے جس میں ان کی آئندہ نسلیں بھی خوش و مطمئن رہیں گی۔