صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا صدارتی طیارہ ٹیکساس بھیجنے کا اعلان، سابق صدر آنجہانی جارج ڈبلیو بش کی میت لے کر واشنگٹن آئے گا

اتوار 2 دسمبر 2018 15:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی طیارہ ٹیکساس بھیجنے کا اعلان کیا ہے جو سابق صدر آنجہانی جارج ڈبلیو بش کی میت لے کر دارالحکومت واشنگٹن آئے گا۔ ارجنٹینا میں جی 20 ممالک کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کے زیر استعمال بوئنگ 747 طیارہ ہوسٹن جائے گا جو سابق صدر بش کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک حصہ ہے جس کے وہ حقدار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایئر فورس ون مجھے اور دیگر کئی لوگوں کو واپس واشنگٹن لے کر جائے گا جس کے بعد طیارہ ہوسٹن جائے گا جہاں سے وہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کا تابوت لے کر آئے گا۔ جارج ڈبلیو بش جمعہ کو 94 سال کی عمر میں ہوسٹن میں انتقال کر گئے تھے اور ان کی پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ واشنگٹن میں آخری رسومات ادا کی جائیں گی جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ شرکت کریں گی۔ آخری رسومات میں دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان اور ان کے نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔