چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ وسینیٹر رحمان ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس میں شرکت کیلئے جنیوا روانہ

اتوار 2 دسمبر 2018 16:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی قیادت میں پاکستانی وفد جنیوا روانہ ہو گیا۔سینیٹر رحمان ملک جنیوا میں ہونے والے آٹھویں عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے ۔ آٹھویں عالمی ای پارلیمنٹ کانفرنس انٹر پارلیمنٹری یونین کے زیر اہتمام جنیوا میں منعقد ہو رہی ہے۔

پاکستانی وفد میں سینیٹر رحمان ملک کے علاوہ سینیٹر رانا مقبول احمد، سینیٹر عطا الرحمان اور سینئرافسران شامل ہیں۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہماری پارلیمنٹ جدید ترین و مکمل طور پر ای پارلیمنٹ ہو۔جمہوریت کا مطلب عوام ہے اور عوام کا پارلیمنٹ تک آسان رسائی لازمی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ آج کے دور میں پارلیمنٹ تک آسان رسائی تب ممکن ہے اگر ای۔

پارلیمنٹ ہو۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز و انٹرنیٹ زندگی کے ہر شعبے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے خود کہا کہ حق بنتا ہے کہ عوام اپنے منتخب نمائیندوں کی کارکردگی و کاروائیاں آن لائن دیکھے۔ پارلیمنٹ عوام کی نمائیندہ آواز ہے اور عوام کو جوابدہ ہے۔ ای پارلیمنٹ کے ذریعے ملکی و غیر ملکی پاکستانی پارلیمنٹ تک آسانی سے رسائی کر سکتے ہیں۔