جنوبی وزیرستان ،تباہ شدہ مکانات کی دوبارہ تعمیر کیلئے رقم فی الفور تقسیم کی جائے،ملک عرفان الدین برکی

غریب دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، جبکہ کرپٹ مافیا عیاشیاں کررہا ہے، تمام کرپٹ اہلکاروں کو فوری طور پر تبدیل کیاجائے ، قبائلی رہنماء کا تقریب سے خطاب

اتوار 2 دسمبر 2018 17:20

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2018ء) جنوبی وزیرستان میں تباہ شدہ مکانات کی دوبارہ تعمیر کیلئے رقم فی الفور تقسیم کی جائے، غریب دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، جبکہ کرپٹ مافیا عیاشیاں کررہا ہے، تمام کرپٹ اہلکاروں کو فوری طور پر تبدیل کیاجائے ۔ان خیالات کا اظہارجنوبی وزیرستان کانی گرم کے برکی قبائل کے سرکردہ قبائلی راہنما ملک عرفان الدین برکی نے چیف آف برکی قبائل ملک محمد قریب برکی مرحوم کے جانشین نے کیا۔

انہوں ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی وزیرستان کے تباہ شدہ مکانات کے سروے کے رقم فی الفور تقسیم کرنے کے لئے تاریخ کا اعلان کریں۔پاکستان ہاؤس محلہ برکی آباد میں متاثرین کے وفد سے باتچیت کرتے ہوئے ملک عرفان الدین برکی نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے تباہ شدہ مکانات کے سروے کے رقم بنک اکاؤنٹ میں رکھے گئے ہیں اور اس بھاری رقم کا ماہانی بنک سود کھا یا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ غریب قبائلی عوام در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بھاری رقم کو بنک اکاؤنٹ میں رکھ کر ان کا سود کھانے کی روایت اب ختم ہونی چائئے ۔ان کا کہناتھا کہ سی ایل سی پی میں رقم بٹورنے کا سلسلہ بھی شروع ہے ۔بااثر افراد کو تیس ہزار سے لیکر پچاس ہزار روپے تک رشوت لیکر ان کے چیک دئے جارہے ہیں۔اس کی چھان بین کی جائے ۔

ملک عرفان الدین برکی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے دفتر میں جتنے بھی اہلکار تین سال سے زیادہ عرصہ سے ایک سیٹ پر بیٹھے ہیں ان کو کمپاؤنڈ سے ٹرانسفر کرکے جنوبی وزیرستان میں کسی تحصیل میں تعینات کئے جائیں۔کیونکہ کرپٹ مافیا کمپاؤنڈ میں رہتے ہوئے دوسرے صاف ستھرے اہلکاروں و آفیسروں کو بھی کرپٹ کردیتے ہیں۔ملک عرفان الدین برکی نے فیز فور کا سروے بھی جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پاک فوج ،پولیٹیکل ایڈمنسٹریشن ،قبائلی ملکان اور بلڈنگ کے انجنئیر کی ٹیم مکان میں داخل ہوکر اس کی تباہی کا اندازہ لگانے کے بعد اس کو سروے کا تعین کرتے تھے ۔

تو مالک مکان کسی کا بھی شناختی کارڈ دیکر اس کا سروے کیا جاتا تھا ۔اس سے قبل متاثرین جنوبی وزیرستان نے ملک عرفان الدین برکی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور جنوبی وزیرستان کے تباہ شدہ مکانات کے سروے اور دیگر مسائل سے اگاہ کیا۔ملک عرفان الدین برکی نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے دن دگنی او ر رات چوگنی کام کرینگے۔