سپریم کورٹ نے متعلقہ اداروں سے منشا بم کیس کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

اتوار 2 دسمبر 2018 18:40

لاہور۔2 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے منشا بم سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، محکمہ ریونیو اور ضلعی حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں منشا بم کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر لاہور سے استفسار کیا کہ ابھی تک اربنائزیشن کرنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ا س موقع پر ڈی سی لاہور نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے منشا بم کی اراضی سے متعلق ریکارڈ چیک کیا ہے، 1992 میں اس نے 32 کنال اراضی خریدی، جو بعد میں بیچ دی، منشا بم کے خلاف درخواست گزار کو قبضہ ایل ڈی اے نے دینا ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پٹوار خانوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت ہوئی ۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے موقف اپنایا کہ یہ معاملہ صرف پنجاب کی حد تک نہیں باقی صوبوں کا بھی ہے۔لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت چاروں صوبوں میں زمینوں کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے،اس لیے اس معاملے میں چاروں صوبوں کا موقف سننا ضروری ہے۔عدالت نے خیبر پختوانخواہ، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور اسلام آباد کو نوٹس جاری کر تے ہوئے ریمارکس دئیے کہ پٹوار خانوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی جائے ۔از خود نوٹس کی مزید سماعت اسلام آباد میں ہو گی۔