سرگودھا‘ عامل کے کہنے پر ڈیڑھ سالہ بچی قتل‘ ماں کی رپورٹ پر مقدمہ درج

سنگدل باپ اور چچا مبشر رسول وغیرہ نے دولت کے لالچ میں عامل کے کہنے پر بچی کے گلے پر چھری چلائی پولیس نے بچی کے باپ ‘ چچا اور دو خواتین کو گرفتار کر لیا‘پولیس نے حقائق جاننے کیلئے تفتیشی ٹیم تشکیل دیدی

پیر 3 دسمبر 2018 13:01

سرگودھا‘ عامل کے کہنے پر ڈیڑھ سالہ بچی قتل‘ ماں کی رپورٹ پر مقدمہ درج
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) شہر کے علاقہ اعظم پارک میں عامل کے کہنے پر قتل ہونے والی ڈیرہ سالہ بچی کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے سپرد کر کے پولیس نے مقتولہ کی ماں کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں پولیس نے بچی کے باپ اور چچا اور دو خواتین کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق شہر کے علاقہ اربن ایریا کی اعظم پارک میں مظاہرہ رسول نے کچھ عرصہ عامل کے کہنے پر ڈیڑھ سالہ سویرا کے جسم اور بازوں پر کٹ لگائے تو خوفزدہ ماں سندس بی بی بچی سویرا کو لے کر میکے چلی گئی تو مظاہر رسول اسے زبردستی اسے گھر لے آیا اور بیوی کو طلاق دے دی۔

گزشتہ صبح سنگدل باپ اور چچا مبشر رسول وغیرہ نے دولت کے لالچ میں عامل کے کہنے پر بچی کے گلے پر چھری چلائی اور تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو لے آئے جہاں عملہ نے واقعہ کی پولیس کو اطلاع کر دی جس نے موقع پر پہنچ کر پوچھ گچھ کرتے ہوئے والد،چچا اور دوخواتین کو حراست میں لے لیا.ابتدائی تفتیش میں بچی کے والدین کا کہنا تھا کہ رات گئے جنات نے بچی کا گلہ کاٹ کر مار دیا. تاہم ابھی وہ عامل کو صیغہ راز میں رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ اربن ایریا نے ڈیڑھ سالہ مقتولہ سویرا کی ماں سندس بی بی کی مدعیت میں مظاہرہ رسول اس کے بھائیوں مبشر، منظر،ابوبکر ان کی ماں زاہدہ بی بی ، مبشر کی بیوی سائرہ بی بی اور تین نا معلوم کے خلاف مقدمہ قتل درج کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے پہلے مقتولہ کے بازوں پر کٹ لگائے گئے تھے۔ پولیس تھانہ اربن ایریا مصروف تفتیش ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں ملزمان جنات پر قتل کا الزام لگا رہے ہیں لیکن پولیس نے اس پر یقین کی بجائے اصل حقائق کو جاننے کے لئے تفتیشی ٹیم تشکیل دی ہے جو تمام حالات و واقعات اور پوسٹمارٹم رپورٹ کی روشنی میں حقیقت کا پردہ چاک کرے گی۔