سعودی عرب :صحرا میں گاڑی چھیننے والا مقامی سعودی گرفتار کر لیا گیا

ایک اور کارروائی کے دوران گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے والا بھی پکڑا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 دسمبر 2018 14:59

سعودی عرب :صحرا میں گاڑی چھیننے والا مقامی سعودی گرفتار کر لیا گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 3دسمبر2018ء) ریاض پولیس نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ایک سعودی شخص کو اسلحے کی نوک پر کار چھیننے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ایک سعودی نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی کہ وہ کسی کام کے سلسلے میں صحرا سے گُزر رہا تھا کہ ایک اسلحہ بردار شخص نے اُسے جان کی دھمکی دے کر گاڑی رُکوائی، اور پھر گاڑی سے اُتار کر خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے اُس کی گاڑی لے کر فرار ہو گیا۔

اس رپورٹ کے بعد پولیس کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔ آخر پولیس اہلکاروں کو شکایت کنندہ کی چھینی گئی گاڑی مِل گئی ، جسے واردات کو انجام دینے والا شخص ہی ڈرائیور کر رہا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم کے قبضے سے پستول اور نشہ آور ادویات بھی برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا، کچھ روز بعد ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

جدہ پولیس نے بھی ایک کارروائی کے دوران 5 گاڑیاں نذر آتش کرنے والے غیر مُلکی کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس شخص کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم یہ شخص کافی عرصہ سے مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تھا۔ ملزم المشرفہ کے علاقے میں کھڑی پانچ گاڑیوں کو نذرِ آتش کر کے موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم وہ زیادہ دِنوں تک پولیس کی پکڑ سے محفوظ نہ رہ سکا۔ ملزم کی جانب سے گاڑیوں کو آگ لگانے کی تخریبی کارروائی کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی۔ سرکاری استغاثہ کی جانب سے ملزم سے پُوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے بعد اُس کا مقدمہ عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔