بھارتی افغان ایجنسیوں کی جانب سے داعش جمعت الاحرابی ایل اے کو بلوچستان میں متحرک کرنے کا انکشاف

پاکستان مخالف ایجنسیوں نے ملک کے خلاف کام انتہائی تیز کر دیا ، اہم ٹاسک بھی سونپ دئے گئے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 3 دسمبر 2018 15:53

بھارتی افغان ایجنسیوں کی جانب سے داعش جمعت الاحرابی ایل اے کو بلوچستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2018ء) : پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دینے اور شہریوں کی جانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے ملک دشمن ایجنسیاں ایک مرتبہ پھر سے متحرک ہو گئی ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے افغانستان کی خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف ایک خوفناک منصوبہ بنایا ہے۔ اور اسی منصوبے کے تحت داعش ، جماعت الاحرار ، بی ایل اے اور تین دیگر کا لعدم تنظیموں کو بلوچستان کے اضلاع مستونگ ، کوئٹہ ، کچلاک ، قلعہ سیف اﷲ ، خضدار اور وڈمیں متحرک کرنا شروع کر دیا ہے۔

ایک طرف بھارت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں تو دوسری جانب بھارتی خفیہ ایجنسی ''را'' ، افغانستان کی خفیہ ایجنسی ''این ڈی ایس'' اور دو دیگر غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں نے پاکستان کے خلاف کام انتہائی تیز کر دیا ہے اس منصوبے کے تحت پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور پاکستان کے اہم ترین اداروں کے افسران کو ہدف بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مصدقہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان مخالف کارروائیوں کے لیے ان تنظیموں اور ایجنسیوں کو نہ صرف بھاری فنڈنگ کی جا رہی ہے بلکہ بھارت اور افغانستان سے گذشتہ دو سالوں میں ٹرینڈ افراد کو خصوصی طور پر بلوچستان بھیجا گیا ہے ۔ ان افراد کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ بلوچستان کے ان علاقوں میں نہ صرف خفیہ کیمپس قائم کریں بلکہ پاکستان میں ایک مرتبہ پھر سے دہشتگردی کو پھیلانے کی کوشش کریں۔

ان علاقوں میں جن نوجوانوں کو داعش اور جماعت الاحرار میں شامل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے ان سب کا تعلق ان گروپوں سے ہے جو پہلے سے پاکستان کے خلاف متحرک رہے ہیں۔ پاکستان کے حساس اداروں کو اس حوالے سے نہ صرف اہم ثبوت حاصل ہو چکے ہیں بلکہ ان کے خلاف سخت ترین کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جس کے نتیجے میں کچھ ایسے ثبوت بھی سامنے آئے ہیں، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والی دو اعلیٰ سیاسی شخصیات بھی پاکستان کے خلاف ملک دشمن ایجنسیوں کی اس گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں۔