Live Updates

عمران خان کو لانے والے اسے بچائیں!آصف علی زرداری

منگل 4 دسمبر 2018 16:47

عمران خان کو لانے والے اسے بچائیں!آصف علی زرداری
ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2018ء) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو لانے والے اسے بچائیں‘ملک کے حالات اس وقت انتہائی گھمبیر ہیں ،دعوی سے کہتا ہوں ان سے حکومت نہیں چلے گی ،قبل از وقت الیکشن یا کچھ اور اس حوالے سے کچھ نہیں کہوں گا،وزیر اعظم آج اپوزیشن کو جیلوں میں دھکیلنے کی بات کرتے ہیں ،یہ خود جیل برداشت نہیں کر سکتے ،آج وقت ان کا ہے کل وقت کسی اور کا ہوگا،میاں صاحب نے احتسابی نظام بنایا جو آج ان کے گلے پڑا ہوا ہے، جے آئی ٹی میں پیش ہو کر تمام سوالوں کے جواب دے دیئے ہیں جب کیس بنے گا تو دیکھیں گے ،حکومت کے پاس مرغی ،انڈوں کے علاوہ کوئی معاشی پلان نہیں ،ہم نے آئین کو بنایا ہے ،یہ لوگ 18 ویں ترمیم میں شقوں کا بہانہ بنا کر ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جنہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

(جاری ہے)

منگل کے روز یہاں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل کہا تھا کہ کٹھ پتلیوں سے ملک نہیں چلے گا،غیرسنجیدہ وزیر اعظم ملک نہیں سنبھال سکتے، خان صاحب صرف انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں، عمران خان نے اپوزیشن کو جیل میں ڈالنے کی بات کی ہے ، ہم میں جیل جانے کا صبر بھی ہے اور حوصلہ بھی، کیا عمران خان جیل کی سختیاں برداشت کر سکتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک جان میں جان ہے، یہ جنگیں چلتی رہیں گی،پہلے بھی بی بی کو تنگ کرنے کیلئے مجھے قیدی بنایاگیا،ہماری ہمت آزمائیں ،ہم ان کاظلم آزمائیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ میاں صاحب نے احتساب کا قانون میرے لیے بنایا تھا اور انہیں کے گلے پڑ گیا۔ حکومت کو سپورٹ کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ ہم کیوں سپورٹ کریں جو لائے ہیں وہی سپورٹ کریں،عمران کو لانے والے ہی اسے بچائیں،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کو نہیں بلکہ جے آئی ٹی نے مجھے اور میری بہن کو بلایا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے حالات گھمبیر ہیں،پیپلز پارٹی نے آئین کو اصل شکل میں بحال کیا۔وہ کہتے ہیں 18ویں ترمیم میں کچھ شقیں کمزورہیں ،یہ کمزور شقوں کا بہانہ بناکر18 ویں ترمیم ختم کرناچاہتے ہیں،ہم ان کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،حکومت کی کوشش ہے کہ کسی طریقے سے سسٹم کو توڑ دیں کیونکہ یہ میچور ہیں نہ ہی سیاسی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں،آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہزاروں دکانیں گرا کو لوگوں کو بیروزگار کر دیا گیا،حکومت کو چاہیے تھا کہ دکانیں گرانے سے متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرتے ، انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ حکومت معاملات سنبھال سکے گی۔

حکومت غیرسنجیدہ ہے،سیاسی اپروچ نہیں، 100 سال پرانی گورنر ہائوس کی دیوار توڑنا ان کی پالیسی ہے۔گورنر ہائوس میں میوزیم اور لائبریری بنانی ہے تو اس کے لئے بھی دیوار ہونی چاہیے ،گورنر ہائوس کی دیواریں گرانا صرف عوام کو بے وقوف بنانا ہے ۔آصف زرداری نے صحافی کے سوال پر کہا کہ مرغیاں لیں انڈے بیچیں اور پھر دیکھنا کیسی خوشحالی آتی ہے،موجودہ حکومت کے پاس انڈے مرغیوں کے علاوہ کوئی معاشی پلان نہیں،ایک سوال کے جواب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں ٹریٹ تو ایسے کیا جارہا ہے جیسے ہم دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں ،ہم خود دہشت گردی کا شکار ہیں،بی بی بے نظیر بھٹو خود دہشت گردی کا شکار ہوئیں،افغانستان میں بھارت اور دوسری قوتیں دہشت گردی بڑھا رہی ہیں ،ٹرمپ ان معاملات میں کیا موقف دیتا ہے اس کا ہمیں انتظار ہے،انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے شوگر ملوں کوسیل کررکھا ہے، نقصان ہوگا تو برداشت کرنا پڑے گا لیکن افسوس ہے کہ نقصان غریب کا ہورہا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے سندھ میں پہلے کی نسبت سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کیں جن کا کریڈٹ پارٹی کے وزراء کو دیتا ہوں اگر اگر میرے وزرائ اور ہماری ٹیم صحیح نہ ہوتی تو سندھ میں سب سے زیادہ سیٹیں کیسے لیتی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات