حقوق انسانی کی پامالیوں میںاضافہ قابض حکمرانوں کی عوام کش پالیسیوں کا شاخسانہ ہے، مشترکہ حریت قیادت

انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کوروکنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں

منگل 4 دسمبر 2018 18:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے جموں وکشمیر میں حقوق انسانی کی بدترین پامالیوں میںاضافے کو قابض حکمرانوں کی عوام کٴْش پالیسیوں کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ قابض حکمران کشمیر میں تمام مسلمہ جمہوری ، اخلاقی اور انسانی اقدار کو بالائے طاق رکھ کر عوام پر مظالم ڈھانے اور طاقت کے بل پر ان کے حقوق سلب کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں جو نہ صرف ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے بلکہ اس طرح کے اقدامات سے قابض حکمرانوں کے کشمیر دشمن عزائم کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے حوالے سے رواں ہفتے میں پر امن تقریبات کے انعقاد کا مقصد دنیا بھر کے مہذب اقوام اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی توجہ جموں وکشمیر میں جاری حقوق انسانی کی پامالیوں کی طرف مبذول کرانا ہے لیکن پر امن پروگراموں حتیٰ کہ موم بتیاں جلا کر جذبات کے خاموش اظہار کو بھی طاقت کے بل پر ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو چھاپے مارکر گرفتارکیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ موم بتیاں جلاکر اپنے جذبات کا اظہار کرنے پر گزشتہ رات چھاپوں کے دوران نور محمد کلوال، شوکت احمد بخشی، شیخ عبدالرشید، محمد یاسین بٹ، اور دیگر کارکنوں کوگرفتار کیا گیاجبکہ سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، محمد یاسین ملک اور بلال صدیقی کو پہلے ہی گھروں اور تھانوں میں نظر بندرکھا گیا ہے۔ مشترکہ قیادت نے کہا کہ گرفتاریوں،پابندیوں اور جبر و استبداد سے نہ تحریک آزادی کو ختم کیا جاسکتا ہے اور نہ کشمیریوں کی آواز کو خاموش کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے حریت پسند کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ قیادت کی جانب سے دیئے گئے پروگرام کے مطابق حقوق انسانی ہفتے کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور دنیا کو کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرانے کیلئے اپنی آواز بلند کریں۔انہوں نے د نیا بھر کے انصاف پسند اقوام، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ ،ریڈکراس اور انسانی حقوق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لیں اورکشمیری عوام کیخلاف جارحانہ اور عوام کٴْش پالیسیوں کو روکنے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔