لاہور،سکولوں کے بچوں میں صحتمند طرز زندگی کیلئے خصوصی موبائل ایپ تیار

بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت، غذائیت، ناک، کان، گلا، دانتوں، جلد اور آنکھوں کی سکریننگ ہوگی طلبہ میں صحتمند طرز زندگی کا پائلٹ پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

منگل 4 دسمبر 2018 19:00

لاہور۔4 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے تعاون سے سکولوں کے بچوں میں صحتمند طرز زندگی کا شعور اجاگر کرنے کا پائلٹ پروگرام جلدشروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں صوبے کے 12سکولوں میں بچوں کو بیماریوں سے بچائو کیلئے کھیلوں کی اہمیت اور احتیاطی اقدامات سے آگاہ کیا جائیگا، پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ایوان سے باہر میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ اور محکمہ صحت کے اشتراک سے کسٹمائزڈ موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے جس کی پائلٹ ٹیسٹنگ پر کام کر رہے ہیں، اس ایپلی کیشن کا افتتاح رواں ہفتے ہی ایک سکول میں تقریب کے دوران کیا جائیگا، اس پروگرام کے تحت پنجاب کے سکولوں کے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت، غذائیت، ناک، کان، گلا، دانتوں، جلد اور آنکھوں کی سکریننگ ماہرین صحت کریں گے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پائلٹ پروگرام کے تحت 6گرلز اور 6بوائز سکولوں میں ڈاکٹر اور ایک نرس کا بھی تقرر کیا جائیگا، علاوہ ازیں ہفتے میں ایک بار میڈیکل کیمپ لگا کر بچوں کے ٹیسٹ اور آنکھوں کا معائنہ بھی کیا جائیگا، انہوں نے زور دیکر کہا کہ بچوں کی زندگی صحتمند بنا کر شعبہ صحت کے کئی اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں، وزیر صحت نے غذائیت کی کمی کا شکار بچوں کی بحالی کیلئے خصوصی مراکز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ماں اور بچے کی صحت پر بھرپور توجہ دینے کا مقصد صحتمند معاشرے کا قیام یقینی بنانا ہے، اس مقصد کیلئے ملک کی تاریخ میں پہلی بار 5 اضلاع میں ماں بچہ ہسپتال بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔