Live Updates

وزیراعظم نے ’’ٹیکنالوجی کی حامل علمی معیشت‘‘ بارے ٹاسک فورس کی تشکیل کی اصولی منظوری دیدی

ٹاسک فورس میں ممتاز سائنسدان/انجینئرز، نجی شعبہ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندگان شامل ہونگے ڈاکٹر عطاء الرحمن نے ملاقات میں وزیراعظم کو پاک آسٹرین فیچ ہوچ شول ہری پور کی تعمیر کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا

منگل 4 دسمبر 2018 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے ’’ٹیکنالوجی کی حامل علمی معیشت‘‘ بارے ٹاسک فورس کی تشکیل کی اصولی منظوری دیدی ہے ،ْٹاسک فورس میں ممتاز سائنسدان/انجینئرز، نجی شعبہ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے نمائندگان شامل ہونگے۔ یہ منظوری وزیراعظم نے منگل کو ڈاکٹر عطاء الرحمن سے وزیراعظم آفس میں ہونے والی ملاقات میں دی ۔

ڈاکٹر عطاء الرحمن نے وزیراعظم کو پاک آسٹرین فیچ ہوچ شول ہری پور کی تعمیر کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو منرل ریسورسز انجینئرنگ، ریلوے انجینئرنگ اور ایگریکلچر فوڈ ٹیکنالوجی میں چین کی معاونت سے مرکز فضیلت کے قیام پر پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے انٹیلیکچول کیپٹل، صنعت کاری و انسانی وسائل کی ترقی، تیار مصنوعات میں اضافے ، پیداوار اور معیار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جس سے ملک کی صلاحیتوں سے استفادہ میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے اور درمیانی و ہائی ٹیک ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی کے حوالے سے بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔بیان کے مطابق یہ ٹاسک فورس طاقتور علمی معیشت کی تشکیل کیلئے قومی ترجیحات کے تسلسل سے جائزے اور مقررہ مدت کے ساتھ حکمت ہائے عملی اور لائحہ ہائے عمل وضع کرنے کیلئے باقاعدگی کے ساتھ نگرانی کا عمل انجام دینے کیلئے قائم کی جا رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات