پشاور میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

بجلی چوروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں کی جائیگی،کمشنر مردان

منگل 4 دسمبر 2018 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ بجلی چوروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ وہ اپنے دفتر میں بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عابد وزیر،ڈسٹرکٹ افسر فنانس اینڈ پلاننگ ظہیر الدین بابر،ایکسین مردان سید انعام اللہ جان،ایس پی آپریشن امجد علی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن سے پہلے پیسکو کے لائن سپرٹنڈنٹس تبدیل کر دیے جائیں۔کمشنر نے کہاکہ بجلی چوروں کی وجہ سے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور ان کے خلاف سخت کریک ڈائون کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ کنڈا لگانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گااور بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں پیسکو کے ساتھ ضلعی انتظامیہ اور پولیس بھرپور تعاون کرئے گی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے لئے جامعہ منصوبہ بندی بنائیں تاکہ انہیں انجام تک پہنچایا جاسکے۔اور ٹارگٹڈ علاقوں کے خلاف بھر پور اپریشن عمل میں لایا جائیں ۔ دریں اثناء کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ نے سڑکوں پر اوور لوڈنگ گاڑیوں کی روک تھام کے لئے منصوبہ بندی کرنے اور سڑکوں کے اطراف کوفوری طور پر پختہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ مواصلات او رتعمیرات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ اوور لوڈ گاڑیوں کو کسی بھی صورت نہ چھوڑیں اور انہیں جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ انکے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے۔انہوں نے سڑکوں پر گاڑیوں کے وزن کے لئے بونیر براستہ کاٹلنگ روڈ، بونیر براستہ رستم اور بخشالی سڑکوں پر کانٹے بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہاکہ لوڈ کنٹرول کے لئے محکمہ مواصلات و تعمیرات بھی اقدامات اٹھائے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان عابد خان وزیر، ایکسین ہائی وے انجینئر قدرت اللہ مروت، انجینئر عابد حیات، انجینئر عمران اور ڈی او فنانس ظہیرالدین بابر بھی موجود تھے۔ کمشنر مردان نے کہا کہ سڑکوں پر اوورلوڈنگ کم ہونے سے سڑکوں کی مدت میں مزید اضافہ ہوگا اور عوام کو آمد و رفت میں آسانی پید ا ہوگی۔