آصف زرداری کا حال خادم حسین رضوی جیسا ہوگا

سینئیر صحافی نے آصف زرداری کے حوالے سے اہم پیشن گوئی کردی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 4 دسمبر 2018 20:03

آصف زرداری کا حال خادم حسین رضوی جیسا ہوگا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2018ء) سینئیر صحافی طلعت حسین نے آصف زرداری کے حوالے سے اہم پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری کا حال خادم حسین رضوی جیسا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معروف صحافی طلعت حسین نے اپنے سوشل میڈیا چینل کر کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کا حال خادم حسین رضوی جیسا ہونے والا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت کو بڑھ بڑھ کر باتیں کرنے والے آصف زرداری کا اپنا انحصار 2 این آر اوز پر ہے۔ایک این آراو سابق صدر مشرف نے دیا تھا جبکہ دوسرا این آر او وہ ہے جس سے وہ آج تک فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ اس این آر او کی بنیاد یہ تھی کہ جس طرح الطاف حسین اور دوسرے کچھ عناصر نے ریاست کے خلاف بات کرنا شروع کر دی ہے کہیں آصف زرداری بھی اس صف میں جا کر کھڑے نہ ہوجائیں، اس لئیے ان کو این آر او دے دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آصف علی زرداری کو نواز شریف کے خلاف استعمال کیا گیا کیونکہ انکو راستے سے ہٹانا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری اس این آر او سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں اور وہ مین سٹریم میں رہے ہیں ۔معروف صحافی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کچھ عرصہ تو خاموشی سے گزارا مگر پھر انہوں نے پر نکالنے شروع کر دئیے۔انہوں نے ایسے ایسے بیانات دئیے ہیں کہ آج کل ان کو جگہ جگہ وضاحتیں دینا پڑ رہی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ میں آج آپ کو بتا دوں کہ آصف زرداری کا حال بھی خادم حسین رضوی جیسا ہوگا۔