Live Updates

ہم نے صوبے میں سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے اداروں کو مضبوط کیا ہے،محمودخان

ہماری حکومت میں کسی کی پسندو نا پسند پر فیصلے نہیں ہوتے،پورے صوبے کی ترقی چاہتے ہیں ،کرک کا صوبائی معیشت میں اہم کردار ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 4 دسمبر 2018 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہم نے صوبے میں سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے اداروں کو مضبوط کیا ہے، عوام کو ریلیف دینا ہماری ترجیح ہے،ہماری حکومت میں کسی کی پسندو نا پسند پر فیصلے نہیں ہوتے،پورے صوبے کی ترقی چاہتے ہیں ،کرک کا صوبائی معیشت میں اہم کردار ہے، وہ جلد کرک کا دورہ کریں گے اور آئل ریفائنری سمیت دیگر اہم منصوبوں کا افتتاح کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ایم این اے شاہد خٹک کی سربراہی میں کرک کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی،صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر، ملک قاسم اور فرید طوفان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے صوبائی حکومت کی شفافیت کیلئے کی گئی کاوشوں اور ترقیاتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے سفارش کلچر کا خاتمہ کیا ہے ، اداروں میں میرٹ اور شفافیت لے کر آئے ہیں، ہمارا بنیادی مقصد اور ہماری ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ ذاتی پسند و نا پسند پر فیصلے ماضی کا حصہ بن چکے ہیں، ہم اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے مداخلت ختم کی،انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے اور ایک بہت بھاری ذمہ داری ہمارے کندھوں پر ڈالی ہے، ہم عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسائل گھبیر شکل اختیار کر چکے ہیں خصوصاً قبائلی علاقوں میں عوام نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، پورے صوبے کا انفراسٹرکچر توجہ اور ترقی کا تقاضا کرتا ہے،اسلئے ہماری حکومت نے جاری ترقیاتی سکیموں کو ہر حالت میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے،انہوں نے کہا کہ پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ایکسپریس وے کا مجوزہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے یہ چار لینوں پر مشتمل ہو گا جو پوری قبائلی پٹی کو ترقی ، خوشحالی اور سرمایہ کاری کیلئے کھول دے گا، قبائلی اضلاع میں پائے جانے والے مختلف نوعیت کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر مقامی معیشت کی ترقی کا ذریعہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

محمود خان نے اعتراف کیا کہ تیل اور گیس کی پیداوار کی وجہ سے کرک کا صوبے کی معیشت میں بڑا حصہ ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کرک کو اس کا مکمل حصہ دیں گے چاہے وہ ہسپتال، کالج یا کسی بھی ترقیاتی سکیم کی شکل میں ہو،وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ متعلقہ محکموں سے مکمل بریفنگ لے کر بہت جلد کرک کا دورہ کریں گے جہاں وہ آئل ریفائنری اور دیگر اہم منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات