Live Updates

اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کرکے پنجاب کی حالت بدلیں گے،وزیراعلیٰ کی اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے غیررسمی ملاقات

پنجاب میں قبضہ مافیا کیخلاف بلاامتیاز کارروائی، 88 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی واگزار، مالیت 150 سے 200 ارب روپے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کی جانب موڑ دیا ہے،یکساں ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گی:عثمان بزدار سماجی شعبہ کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں، پنجاب میں تبدیلی کے اثرات بہت جلد نمایاں نظر آئیں گے

منگل 4 دسمبر 2018 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے پنجاب ہائوس، اسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے غیر رسمی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے ،ہم کمزور کے ساتھ اور مافیاز کے خلاف ہیں۔

پنجاب میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور اب تک 88 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کو واگزار کرایا جا چکا ہے جس کی مالیت 150 ارب روپے سے 200 ارب روپے تک بنتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب کی جانب موڑ دیا گیا ہے جبکہ ماضی میں صرف چند شہروں پر توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

ہم یکساں ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی تعمیری تنقید سے رہنمائی ملتی ہے۔ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے اور اس ضمن میں میڈیا کی جانب سے مثبت تنقید اور تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے پر صدق دل سے عملدرآمد کرکے پنجاب کی حالت بدلیں گے۔ حکومت صوبے کی ہمہ جہت ترقی اور عام آدمی کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ منتخب نمائندے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ان سے مکمل رابطے میں ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی شعبہ کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ پنجاب میں تبدیلی کے اثرات بہت جلد نمایاں نظر آئیں گے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں عوام کی سہولت کیلئے وزیراعلیٰ شکایت سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جہاں عوام صحت، تعلیم، پولیس اور ڈی سی آفس سے متعلق شکایات درج کرا سکیں گے۔

شکایت سینٹر کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا اور اس سینٹر کے فعال ہونے سے گائوں، تحصیل اور ضلع کی سطح پر عوامی شکایات کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شکایت سینٹر کو میں خود مانیٹر کر رہا ہوں اور شکایت سینٹر قائم ہونے سے سرکاری محکموں کے کام کرنے کے کلچر میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔

جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں رہنے والے لوگوں کو کام کیلئے لاہور نہ آنا پڑے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کو ریلیف ملے اور اس مقصد کیلئے ہر طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ڈاکٹر راحیل صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات