Live Updates

مخصوص افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انکی فلاح بہبود ملک وقوم کی ترقی کی ضامن ہے۔ محمود جان

منگل 4 دسمبر 2018 21:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2018ء) ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی محمود جان نے کہا ہے کہ مخصوص افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انکی فلاح بہبود ملک وقوم کی ترقی کی ضامن ہے‘ خصوصی افراد کا عالمی دن منانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ اپنے افراد کے مسائل کو اجاگر کرکے نہ صرف انکا حل تلاش کیا جائے بلکہ مذکورہ افراد کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے لاکر انکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے وہ منگل کے روز اسمبلی جرگہ ہال میں خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب میں سابق رکن اسمبلی محمد علی، محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ قانون، دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ حکام اور ڈائریکٹر ہیومن رائٹس کے علاوہ دیگر متعدد نجی اداروں کے نمائندہ گان بھی شریک تھے جبکہ رکن اسمبلی عائشہ بانو نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر محمود جان نے واضح کیا کہ اسمبلی احاطہ میں پہلی دفعہ مخصوص افراد سے متعلق تقریب کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی کا نعرہ سچ کر دکھایا ہے اور مستقبل میں معاشرے میں بھی نمایاں تبدیلی نظر آئے گی انہوں نے کہا کہ مخصوص افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انکا ٹیلنٹ کسی سے پوشیدہ نہیں لہٰذا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایسے افراد سے مکمل تعاون کر کے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے میں نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ ان کی کارکردگی سے مثبت رجحان کو فروغ دینا چاہتی ہے اس موقع پر محمود جان نے خصوصی افراد کی جانب سے ان کے لئے قائم سکولوں کی کمی ان ٹرینڈ ٹیچرز، صوبائی سطح پر مذکورہ افراد کے مکمل ڈیٹا کی عدم موجودگی اور عمارات کی تعمیر میں ریمپ کی عدم دستیابی کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ محکمہ ہذا اس ضمن میں فوری کارروائی عمل میں لائے اور متذکرہ مسائل کو جلد از جلد حل کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو دیگر محکمہ جات کو سرکلر بھی جاری کرنے کی ہدایت کی جس میں مستقبل میں بنائی جانے والی تمام عمارات میں ریمپ کی تعمیر کو یقینی بنانے پر سختی سے عمل کیا جائے۔

ڈپٹی سپیکر نے مذکورہ افراد کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے سلسلے میں کارروائی سے آگاہ کیا اور نوکریوں میں خصوصی افراد کے کوٹے کو 4% بڑھانے کی سمری وزیراعلیٰ تک پہنچنے کی خوشخبری بھی دی انہوں نے متذکرہ افراد کو یقین دلایا کہ اسمبلی اراکین ان کے حقوق کی پاسداری میں نہ صرف ان کے ساتھ ہے بلکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے اور صوبائی اسمبلی میں مخصوص افراد کیلئے ایک سیٹ مختص کرنے کی راہ ہموار کرنے میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے قبل ازیں ڈپٹی سپیکر محمود جان نے اسمبلی بلڈنگ میں خصوصی افراد کیلئے تعمیر کردہ ریمپ کا بھی افتتاح کیا جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے محمد علی، ڈائریکٹر ہیومن رائٹس اور نجی اداروں کے نمائندگان کے علاوہ خصوصی افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا انہوں نے سکولوں میں ان ٹرینڈ ٹیچرز کی تعیناتی، بی آر ٹی کیلئے بسوں میں سہولت کی فراہمی خصوصی افراد کو معاشرے میں جائز مقام دلانے اسمبلی میں ایک سیٹ مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر نے مخصوص افراد کے بارے میں فراہم کردہ سہولیات سے متعلق ایک جامعہ اور مختصر بریفنگ دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات