ٹیم کراچی ایکسپریس کے منیب میر نے ایس پی طاہر داوڑ شہید سائیکل ریس سخت مقابلے کے بعد جیت لی

�ال بعد کراچی شہر میں تیز رفتار ترین 100کلومیٹر سائیکل کا انعقاد،کلیم اعوان کا ایک اور مشن کامیاب

منگل 4 دسمبر 2018 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2018ء) 24سال کے طویل عرصہ کے بعد کراچی کے شہریوں نے تیز رفتار ترین سائیکل ریس دیکھنے کا ایک انمول موقع حاصل کیاجب شہید پاکستان ایس پی طاہر داوڑ شہید کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئی38تیز رفتار ترین قومی سائیکلسٹوںکے درمیان ’’گریٹ ایس پی طاہر داوڑ شہید اینٹی ٹیررازم و اینٹی نارکوٹکس ٹور ڈی کراچی و سٹی سائیکل ریس‘‘کے دوران دلچسپ ، سنسنی خیز اور دلوں کو گرمانے والا نطارہ دیکھا۔

ریس کے چیف آرگنائزر اور کراچی و سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپر ویژن میں ہونے والی یہ سائیکل ریس ٹیم کراچی ایکسپریس کے منیب میر نے تین گھنٹے تیس منٹ میںسنسنی خیز مقابلے کے بعدجیت لی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر کے محمد اکرم بلوچ نے 3سیکنڈ کے فرق سے دوسری اور ٹیم کراچی ایکسپریس ہی کے اشعر بلوچ نے 4سیکنڈ کے فرق سے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ سے سائیکل ریس کا افتتاح مہمان خصوصی فیڈریشن آف پاکستان چیمبر و کامرس اینڈ انڈسٹری کنزیومر و منارٹی ونگ کے چیئرمین آتم پرکاش نے فلیگ آف کرکے کیا۔ اس موقع پرریس کے اسپانسرزمیجر عشرت خان، ندیم شیخ ایڈووکیٹ، خرم جمال سید ،راؤ ناصر علی، سلیم مائیکل، عرفان حنیف ، ملک فہیم احمد اعوان ، خالد آفتاب اور محمد سہیل بٹ بھی موجود تھے۔

مزار قائد سے روانہ ہوکر سائیکلسٹ شاہراہ فیصل، راشد منہاس روڈ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا،ناظم آباد، لیاقت آباد،حسن اسکوائر ، نیشنل اسٹیڈیم ،کورنگی انڈسٹریل ایریا، لانڈھی ،ڈیفنس سوسائٹی، ایم ٹی خان روڈ، مائی کلاچی بائی پاس، بلاول ہاؤس اور سی ویو سے ہوتے ہوئے دو دریا پہنچے اور ریس کا اختتام کیا۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید ، آئی جی سندھ کلیم امام اور کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے سائیکلسٹوں و منتطمین کی حفاظت کے لئے فول پروف انتظامات کررکھے تھے ۔ آخر میں مہمان خصوصی آتم پرکاش نے پوزیشن ہولڈر سائیکلسٹوں میں نقد انعامات، گولڈن ٹرافیاں اور خصوصی اسناد تقسیم کیں۔