لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ‘کشتی ڈوبنے سے 15 مہاجرین ہلاک

کشتی پر25 افراد سوار تھے ان میں سے کئی افراد12بارہ دن تک بھوکے پیاسے رہنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے . ریسکیو ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 5 دسمبر 2018 08:40

لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ‘کشتی ڈوبنے سے 15 مہاجرین ..
طرابلس(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 05 دسمبر۔2018ء) لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں کشتی ڈوبنے سے 15 مہاجرین ہلاک ہوگئے ہیں. تفصیلات کے مطابق لیبیا کے سمندر نے 15 مہاجرین کی جان لے لی، کشتی ڈوبنے کے باعث متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے. فرانسیسی نشریاتی ادارے کے مطابق کشتی پر25 افراد سوار تھے جبکہ ان میں سے کئی افراد12بارہ دن تک بھوکے پیاسے رہنے کی وجہ سے بھی ہلاک ہوچکے تھے.

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا کے شہر صبراتہ سے یہ مہاجرین یورپ تک پہنچنا چاہتے تھے، لیبیا میں متعدد ایسے گروپ سرگرم ہیں، جو مہاجرین کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجتے ہیں.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں مہاجرین کی کشتی بحیرہ روم میں ڈوب گئی تھی جس کے نتیجے میں 16 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے. خیال رہے کہ گذشتہ سال بحیرہ روم میں یورپ جانے کی کوشش میں مہاجرین کی 3 کشتیاں ڈوب جانے کے باعث 250 پناہ گزین ہلاک ہو گئے تھے، ہلاک ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں، تمام افراد تین الگ الگ کشتیوں میں سوار تھے.

قبل ازیں 2015 میں غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے کی کوشش میں 1700 سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اسی سال ہی اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے ایک بڑا ریسکیو آپریشن کر کے ہزاروں مہاجرین کو ڈوبنے سے بچایا تھا.