Live Updates

وزیراعظم کے مرغیاں پالنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع

پہلے روز سو شہریوں کو مرغیاں اور مرغ فراہم کیے گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 دسمبر 2018 11:56

وزیراعظم کے مرغیاں پالنے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2018ء) :وزیراعظم عمران خان کے مرغیاں پالنے کے اعلان اور ویژن کے مطابق شہریوں کو مرغیاں اور مرغ فراہم کر دئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی نے مرغبانی کے لئے دیسی مرغیوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت پہلے روز سو شہریوں کو 500 مرغیاں اور100 مرغ فراہم کئے گئے ۔ شہریوں نے بڑی تعداد میں دیسی مرغ خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کیا جس کے وجہ سے دو ماہ بعد پھر یونٹ ارزاں قیمتوں پرفروخت کئے جائیں گے ۔

ڈاکٹر مدیحہ طارق کے مطابق یونٹ میں پانچ مرغیوں کے ساتھ ایک مرغے کو یونٹ کانام دیا گیا جبکہ 3 ماہ کے برڈز کی قیمت فی یونٹ قیمت 1200 روپے رکھی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت کے پہلے 100 روز مکمل ہونے پر حکومت کی سو روزہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھی ، اس تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دیہاتوں میں غربت کے خاتمے کے لیے منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کے تحت مرغیوں کی افزائش کی مدد سے پاکستان میں غربت پر قابو پایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیہاتی خواتین کو دیسی مرغیوں کے انڈے اور چوزے دیئے جائیں گے اور اس منصوبے کے لیے زیادہ رقم کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس منصوبے کا تجربہ کیا جا چکا ہے اور اس کے تحت جب ہم انجیکشن لگا کر خواتین کی مدد کریں گے تو ان کو زیادہ پروٹین بھی ملے گا جبکہ فروخت کرنے کے لیے مرغیاں اور انڈے بھی ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے انہیں ''شیخ چلی'' کہہ کر بھی پُکارا گیا لیکن وزیراعظم عمران خان نے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا اور اپنے منصوبے پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات