روس کو یورپ کی سمت اپنے میزائلوں کو ہٹانا ہو گا، نیٹوسربراہ ژان اسٹولٹنبرگ

روس کے نئے میزائلوں کا نظر میں آنا دشوار، یہ نیوکلیئر وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں،گفتگو

بدھ 5 دسمبر 2018 13:18

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) شمالی اوقیانوس کے اتحاد نیٹو نے روس پر زور دیا ہے کہ اسے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے اٴْن نئے میزائلوں کو ہٹا لینا چاہیے جو اس نے یورپ کی سمت تعینات کیے ہیں۔برسلز میں نیٹو کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل نیٹو کے سکریٹری جنرل ژان اسٹولٹنبرگ نے مزید کہا کہ روس کے نئے میزائلوں کا نظر میں آنا دشوار ہے اور یہ نیوکلیئر وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نیٹو کے سکریٹری جنرل نے باور کرایا کہ شمالی افریقا سے لے کر مشرق وسطی تک نیٹو کو متعدد خطرات درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

اسٹولٹنبرگ کے مطابق نیٹو پر لازم ہے کہ وہ ان خطرات کے لیے خود کو تیار کرے جن کے بارے میں آج پیش گوئی کرنا مشکل ہے۔ ہم نے حالیہ برسوں میں داعش تنظیم کو دیکھا جس نے عراق اور شام کی سرزمین کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا۔ نیٹو نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس دہشت گرد تنظیم کو ہزیمت سے دوچار کرنے کے لیے کام کیا۔ علاوہ ازیں تخریب کار جماعتوں اور جرائم پیشہ ٹولیوں کی شکل میں دیگر خطرات بھی نیٹو کے سر پر منڈلا رہے ہیں۔ ہم بحیرہ روم میں ان خطرات کا سامنا یورپی یونین کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔ یہاں ہم تیونس اور اردن جیسے شراکت داروں کے ساتھ بھی تعاون کر رہے ہیں۔