Live Updates

کھلابٹ کے ٹیکنیکل شاہین کالج میں تقریب تقسیم انعامات

نیوٹیک پرائم منسٹر یوتھ سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ طلباء کو مختلف ٹریڈرز میں تربیت دی، ڈی جی ڈاکٹر فہیم محمد

بدھ 5 دسمبر 2018 13:52

ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فہیم محمد نے کہا ہے کہ نیوٹیک کو طرہ امتیاز حاصل ہے کہ اس نے پرائم منسٹر یوتھ سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ طلباء و طالبات کو مختلف ٹریڈرز کی تربیت دے چکے ہیں، ہمارا مشن ہے کہ ملک میں نوجوان طبقہ کی نسل کو معاشرتی برائیوں اور خرافات سے بچا کر میٹرک پاس ان سکلڈ بچوں کو ہنر مند بنا کر ان کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ یہ اپنے گھر والوں کا سہارا بن سکیں۔

کھلابٹ کے ٹیکنیکل شاہین کالج میں تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت آئے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام چلتا رہے گا، اس پروگرام کے تحت اب تک 110 طلباء اور طالبات نے چھ ماہ کا کورس مکمل کر لیا ہے، ہمارے ادارہ کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہنر مند بنا کر انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، حطار ایچ آئی اے کے صنعت کاروں نے بڑا خطرہ مول لیتے ہوئے اربوں روپے دائو پر لگا کر فیکٹریوں کے گیٹ کھولے اور ان بچوں کی تربیت میں مدد کی جس پر وہ چیئرمین ملک عاشق اعوان کے بے حد ممنون ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیئرمین ایچ آئی اے ملک عاشق اعوان، کے پی کے اکنامکس زون آفیسرز کمیٹی کے چیئرمین حاجی افتخار احمد، ہری پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد عطاء الرحمن، ایم پی اے فیصل زمان، ضیاء الرحمن طلباء اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے اقدامات کی وجہ سے ہی لوگوں نے دوبارہ ہم پر اعتماد کیا ہے، ہماری جماعت کا مشن ہے کہ معاشرہ سے بیروزگاری کا خاتمہ ہو اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات