سپریم کورٹ نے ماڈل ٹاؤن کیس پر از خود نوٹس نمٹا دیا

پنجاب حکومت نے سانحہ پر جے آئی ٹی بنانے کی حمایت کر دی جس پر کیس نمٹا دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 دسمبر 2018 13:37

سپریم کورٹ نے ماڈل ٹاؤن کیس پر از خود نوٹس نمٹا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2018ء) : سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق عدالت خود نئی جے آئی ٹی تشکیل دینا چاہتی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دے، عدالت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ہم نے فریقین کے تفصیل سے دلائل سنے۔ پنجاب حکومت واضح کہہ چکی ہے کہ اُس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ حکومت کی جانب سے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کی یقین دہانی کروادی گئی۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی از سر نو تحقیقات کے لیے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد حکومت کی یقین دہانی کے بعد عدالت نے درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر از خود نوٹس کی سماعت میں آج پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری بھی پیش ہوئے ۔کیس کی سماعت کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کمرہ عدالت میں آبدیدہ بھی ہوگئے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے کیس نمٹانے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج سپریم کورٹ نے انصاف کا بول بالا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اب سانحہ ماڈل ٹاؤن کی از سر نو تحقیقات ہوں گی۔ ہم حکومت کے بھی شکرگزار ہیں کہ انہوں نے جے آئی ٹی کی تشکیل سے متعلق عدالت کو یقین دہانی کروائی۔ اُمید ہے کہ نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد کیس کی شفاف تحقیقات ہوں گی۔