زلزلہ کے قدرتی سانحہ سے دوچار عوام کی بحالی اورتعمیرنو کیلئے سیرا کی ٹیم نے جانفشانی ،محنت اورلگن کے ساتھ گراں قدرخدمات سرانجام دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘سیکرٹری سیرا

بدھ 5 دسمبر 2018 13:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) آزادکشمیر میں زلزلہ کے قدرتی سانحہ سے دوچار عوام کی بحالی اورتعمیرنو کیلئے سیرا کی ٹیم نے جانفشانی ،محنت اورلگن کے ساتھ گراں قدرخدمات سرانجام دی ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سیرا کی ٹیم کی شبانہ روزمحنت کے باعث آج آزادکشمیر کے زلزلہ متاثرہ علاقوںمیں زندگی کی نئی رونقیں نظرآرہی ہیں ،ان خیالات کااظہار سردارمحمدفاروق تبسم سیکرٹری سیرا نے اعلیٰ کارکردگی کامظاہر ہ کرنے والے سیرا افسران واہلکاران کے اعزاز میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن محترمہ ناہید عباسی ،ڈائریکٹر پلاننگ عابد غنی میر ،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اکرام الحق ، ڈائریکٹر لیگل عبدالرشید کرناہی ایڈووکیٹ ، پروگرام منیجر ڈی آر یو مظفرآباد ڈاکٹرعمر اعظم،لیگل ایڈوائزر راجہ مظہر وحید،ڈپٹی ڈائریکٹر سید انیب گیلانی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید گنائی ، ایم اینڈ ای آفیسر مختار قریشی ، ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر راجہ طارق عزیز ، محمد منیر احمد ،آئین خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سیرا سردارمحمدفاروق تبسم نے کہاکہ زلزلہ کی قدرتی آفت کے بعد سیرا کی ٹیم پر تعمیرنوپروگرام کی بھاری ذمہ داری حکومت کی جانب سے سونپی گئی جس پر پوری ٹیم نے انتہائی دیانتداری کے ساتھ کام کرتے ہوئے ملبے کے ڈھیروں کی جگہ آج عالمی معیارکے ہسپتالوں ، خوبصورت عالی شان تعلیمی اداروں ،اورسرکاری عمارات سمیت دیگر شعبوںمیں عالمی معیار کی سہولیات عوام کو مہیا کی ہیں ، زلزلہ متاثرہ علاقوں میں کشادہ سڑکیں،اور پختہ پُل ، ذرائع مواصلات ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی نے عوام کامعیار زندگی بلند کیا ہے ،زلزلہ کی قدرتی آفت سے دوچار متاثرہ علاقوں کے عوام کے لئے پاکستانی عوام ،مسلح افواج پاکستان ،برادر اسلامی ودوست ممالک نے جس طرح دل کھول کر مدد کی اُسے بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،سیرا کی ٹیم کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوںنے انتہائی نامساعد حالات میں شبانہ روز محنت کرکے اجڑے گلشن کو نئے سرے سے بسانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کارلائیں جن کا سرکاری سطح پر اعتراف کرنا اوراس ٹیم کی صلاحیتوں اورتجربوں سے قومی وملکی سطح پر مستفید ہونا ضروری ہے ،سیکرٹری سیرا نے کہا کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نوپروگرام کی تکمیل تک ہماری ذمہ داریاں اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم اپنے فرائض منصبی کی بطریق احسن ادائیگی کیلئے اپنی تمام خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور نامکمل تعلیمی اداروں کی تکمیل کرکے قوم کے اُن معماروں کو بھی محفوظ چھت فراہم کریں جو ابھی تک اس سہولت سے محروم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :