جدہ: جرائم میں مطلوب شخص پولیس مقابلے میں ہلاک

ملزم جنسی بے راہروی، منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ میں مطلوب تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 5 دسمبر 2018 15:08

جدہ: جرائم میں مطلوب شخص پولیس مقابلے میں ہلاک
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 5دسمبر2018ء) جدہ پولیس نے ایک مقابلے کے دوران کئی مقدمات میں مطلوب شخص کو ہلاک کر دیا جبکہ اس کارروائی کے دوران ایک سیکیورٹی اہلکار بھی ملزم کی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اس حوالے سے مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایک سعودی شخص کئی مقدمات میں مطلوب تھا، اُس پر ایک لڑکی کو جنسی خواہش کی غرض سے گمراہ کرنے، منشیات فروشی میں ملوث ہونے اور غیر قانونی اسلحہ استعمال کرنے کے علاوہ بھی کئی الزامات تھے۔

یہ شخص لمبے عرصے سے پولیس کو چکمہ دے کر صاف بچ نکلتا تھا اور کافی عرصہ سے رُوپوش تھا۔ تاہم پولیس کو ایک مخبر کی جانب سے اطلاع مِلی کہ وہ جدہ کے علاقے حی المروہ کے ایک گھر میں پناہ لیے بیٹھا تھا۔

(جاری ہے)

اس پر پولیس کی جانب سے ایک ٹیم تشکیل دے کر مذکورہ مقام پر روانہ کر دی گئی۔ پولیس نے مکان کے آس پاس کے علاقے کو گھیرے میں لے کر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کیا کہ ملزم خود کو قانون کے حوالے کر دے۔

تاہم مطلوب شخص نے ہتھیار ڈالنے کی بجائے اپنی کلاشنکو ف سے پولیس اہلکاروں پر گولیاں برسانی شروع کر دیں۔ اس مقصد کے لیے اُس نے ایک راہ گیر کو بھی ڈھال بنا لیا۔ جبکہ اُس کی فائرنگ سے یہ خطرہ پیدا ہو گیا کہ کہیں دیگر راہگیروں کی جان نہ چلی جائے۔ اس فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی ملزم کی گولی سے زخمی ہو گیا۔ صورتِ حال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے ملزم پر فائر کھول کر اُسے ہلاک کر دیا گیا۔