عطا ء الحق قاسمی مریم اورنگزیب کے خلاف بول اُٹھے

مریم اورنگزیب جھوٹی ہیں اور کسی کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، نواز شریف کو ایک سازشی ٹولے نے گھیر رکھا ہے۔ سابق چئیرمین پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 دسمبر 2018 15:28

عطا ء الحق قاسمی مریم اورنگزیب کے خلاف بول اُٹھے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2018ء) : سابق چئیرمین پی ٹی وی عطاءالحق قاسمی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے خلاف بول اُٹھے۔ نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ مجھے غیر قانونی تقرری کیس میں پھنسایا گیا ہے۔ عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ مریم اورنگزیب جھوٹی ہیں اور کسی سے مخلص نہیں ہیں۔ مریم اورنگزیب نے میرے خلاف جھوٹا کیس بنایا۔

مریم اورنگزیب کو نہ میرا پتہ تھا کہ عطاء الحق قاسمی کون ہے اور نہ ہی کسی اور صحافی کا۔ انہوں نے مجھے تیور دکھائے ، لیکن انہیں علم نہیں تھا کہ تیور اُسے دکھائے جاتے ہیں جسے نوکری کا شوق ہو اور میرا ایسا کوئی شوق نہیں تھا۔ یہی وجہ تھی کہ میری اور ان کے درمیان کھچاؤ پیدا ہو گیا۔ مریم اورنگزیب بہت جھوٹ بولتی تھیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ایک سازشی ٹولے نے میاں نواز شریف کو پوری طرح گھیر رکھا ہے۔

کچھ لوگ میاں نواز شریف کو پھنسانا چاہتے تھے لیکن پرویز رشید نے انہیں بچا لیا۔ پرویز رشید عظیم آدمی ہیں۔ انہوں نےسارا ملبہ اپنے اُوپر لے لیا اور نواز شریف کو بچا لیا۔ عطا ء الحق قاسمی نے مزید کہا کہ میں عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کروں گا اور اگر میری اپیل مسترد ہو گئی تو میں جیل جاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے آج تک کوئی بھی کام پیسوں کے لیے نہیں کیا۔

میں نے کروڑوں روپوں کو لات ماری ہے۔ میرے پاس ایک صاحب آئے تھے ، لیکن میں ان کا نام نہیں لوں گا، انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ اخبار نکالیں ، میں نے کہا کہ اُس کے لیے تو کروڑوں روپے چاہئیں۔ جس پر انہوں نے مجھے کہا کہ آپ اس کی فکر نہ کریں۔ پھر ایک اور صاحب نے ان کی پیشکش قبول کر لی اور ان کے آج بڑے بڑے پلازے ہیں۔ عطا ء الحق قاسمی نے کہا کہ جس نے مجھے اخبار نکالنے کی پیشکش کی وہ ایجنسی کا آدمی تھا اور جس نے ان کی پیشکش پر بعد میں اخبار نکالا وہ ایک سیاستدان ہے۔

اللہ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ میں نے چئیرمین پی ٹی وی بننے سے انکار کیا تھا لیکن پرویز رشید کے کہنے پر میں نے حامی بھر لی۔ انہوں نے مجھے پیشکش کی لیکن میں انکار کرتا رہا۔جس کے بعد مجھے پرویز رشید صاحب نے ایک خط لکھا، جس پر بالآخر میں نے کہاکہ جی ٹھیک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی ٹی وی کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہوتے نہ ہی وہ سگنیٹری ہوتا ہے۔

میں نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا لیکن مجھے اندازہ ہو گیا کہ یہاں کوئی کام نہیں ہونے والا جس کے بعد تین سالہ مدت ہونے کے باوجود ایک سال قبل میں نے استعفیٰ دے دیا۔ میں نے استعفے میں بتایا کہ میں انہی لوگوں کی وجہ سے مستعفی ہو رہا ہوں۔ ان کو آگ لگ گئی اور انہوں نے کیس بنانے کے لیے جواز ڈھونڈا، جب میں نے استعفیٰ دیا تو مریم اورنگزیب وزیر تھیں۔

انہوں نے میرے خلاف ایک کیس بنایا۔ کیس بنانے کے لیے انہیں جب کچھ نہیں ملا توانہوں نے میرے خلاف پروگرام کے بجٹ کا کیس بنا دیا اور اس پروگرام کا بجٹ میرے کھاتے میں ڈال دیا، پروگرام کے پرومو کے نرخ نکال کر چھ کروڑ کی رقم بھی میرے کھاتے میں ڈال دی، ان کا کہنا تھا کہ ان کے اکاؤنٹ سے کوئی پیسہ نکل نہ میرے اکاؤنٹ میں نہیں آیا، اس سب کے باوجود یہ سب ہو گیا اور اب میں اپیل کرنے جا رہا ہوں۔

سابق چئیرمین پی ٹی وی عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے میرا محبت کا تعلق ہے جو ہمیشہ رہے گا۔ میں آج بھی میاں صاحب سے محبت کرتا ہوں اور آئندہ بھی میاں صاحب سے محبت کروں گا۔ چاہے کچھ بھی ہو جائے یہ محبت کا تعلق ختم نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میری میاں صاحب سے ملاقات بہت کم ہوتی تھی لیکن مریم اورنگزیب روزانہ کی بنیاد پر میاں صاحب سے ملتی تھیں۔

جب سے میاں صاحب پر مصیبت آئی میں نے کئی مرتبہ ان سے ملاقات کی کوشش کی،اڈیالہ جیل بھی گیا لیکن ان سے ملاقات نہیں ہو سکی۔ مریم اورنگزیب نے اپنے اوپر سچ نہ بولنے کی پابندی عائد کی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ تقرری کے معاملے میں بھی نواز شریف کو ہی پھنسانا چاہتے تھے۔ ان لوگوں نے مجھے ذلت دینے کی کوشش کی لیکن لوگوں نے مجھے عزت دی ، میں آج جہان بھی چلا جاؤں میرے ساتھ لوگ سیلفیان بنواتے ہیں، میرے آٹو گراف لیتے ہیں۔

میں مر بھی جاؤں گا تو میری کتابیں میری شہادت دیتی رہیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے متعلق عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ وہ اتنے سادہ ہیں ، دل کرتا ہے میں ان کو گود میں اُٹھا کر پیار کروں۔ مجھے عثمان بزدار بہت پیارے لگتے ہیں ، وہ کسی کا کچھ نہیں بگاڑتے، میرا دل کرتا ہے کہ میں ان کو جپھی ڈالوں ، ان کو پیار کروں ۔ وہ ایک شریف آدمی ہیں جو نہ تو سیاست کر رہے ہیں ، پتہ نہیں کھانا بھی کھاتے ہیں یا نہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عطاءالحق قاسمی کو دی گئی تنخواہ اور مراعات واپس لینے کا حکم دے دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گہا کہ عطاء الحق قاسمی کے بطور ایم ڈی پی ٹی وی تمام فیصلے غیر قانونی ہیں۔ عطاء الحق قاسمی کی تنخواہوں اور مراعات پر 19 کروڑ 78 لاکھ سے زائد خرچ آئے، رقم پرویزرشید، اسحاق ڈار اور فوادحسن فواد سے وصول کی جائے۔

عدالت نے عدالت عظمیٰ نے ڈائریکٹرپی ٹی وی تعیناتی اورعطاالحق قاسمی کے بطورایم ڈی لیے جانے والے تمام فیصلوں کو بھی غیرقانونی قرار دیا ۔ عطاء الحق قاسمی کو 23 دسمبر2015ء کو پاکستان ٹیلی ویژن کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ رواں برس 26 فروری کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔