فاٹا ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے مالی امداد کی مد میں 52 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کردی

بدھ 5 دسمبر 2018 17:16

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) فاٹا ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(ایف ڈی ایم ای) نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لئے مالی امداد کی مد میں 52 کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کردی ۔باخبرذرائع کے مطابق ایف ڈی ایم اے نے تین ماہ کی اقساط ایک ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ہرایک رجسٹرڈخاندان کو 12ہزار روپے ماہوار کے حساب سے یکمشت36 ہزار روپے بذریعہ سم کارڈ دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈائریکٹرجنرل سہیل خان نے بتایا کہ اٴْنہیں قبائلی علاقوں کے بے گھر ہونے والے بھائیوں کی مشکلات اور مسائل کا بخوبی احساس ہے اس لئے اتھارٹی نے اپنے ہی فنڈز سے متاثرین کو مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا تاکہ موسم سرما کے لئے وہ اپنی ضروریات پوری کرسکیں۔اٴْنہوں نے اپنے ماتحت عملہ پربھی واضح کردیاکہ متاثرین کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈی جی نے اپنے عملہ پرزوردیا کہ ایف ڈی ایم اے میں کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے لئے کوئی جگہ نہیں اور متاثرین کے حقوق پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی جائیگی۔