لاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور اذیت

بنا ہیلمٹ کے سفر کرنے والی دوسری سواری کو موٹر سائیکل سے اتارنے کی تجویز سامنے آگئی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 5 دسمبر 2018 23:21

لاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور اذیت
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 دسمبر 2018ء) لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار اگر دوسرے شخص نے ہیلمٹ نہیں پہنا ہوگا تو اسے موٹر سائیکل سے اتار دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق 27 نومبر کولاہور ہائیکورٹ میں ہیلمٹ کی اہمیت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جس میں سی ٹی او لاہور نے ہیلمٹ کی پابندی سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ٹریفک قوانین کی پابندی کرانے پر سی ٹی او کوشاباش دی۔ سی ٹی او نے عدالت کو بتایا کہ یکم دسمبر سے ٹریفک رولز پر من و عن عمل کرایا جائے گا۔سی ٹی او نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا کہ ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے پر 2 لاکھ سے زائد چالان کیے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ335408موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے،صرف مال روڈ پر 42832موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ جاری کئے۔

(جاری ہے)

یکم دسمبر سے کوئی بھی بغیر ہیلمٹ اورسائیڈمررز مال روڈ پر نہیں آئے گا،ابتدائی طور پر مال رو ڈسے سختی کی جائے گی،لین لائن اور سٹاپ لائن کی پابندی کا اطلاق شہر بھر میں کروایا جائیگا۔تاہم لاہور ہائیکورٹ نے یکم دسمبر سے موٹرسائیکل سوار دونوں افراد پر ہیلمٹ کی پابندی لازمی قرار دےدی ۔ یکم دسمبرسے دونوں موٹر سائیکل سوار کی ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے پر چالان ہو گا عدالت نے حکم دیا کہ سائیڈ مرر نہ لگانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے۔

موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ کی پابندی لازم ہونے کے بعد بغیر ہیلمٹ والے موٹر سائیکل سواروں کا چالان کیا جارہا ہے۔دوسری جانب ڈبل ہیلمٹ کی اذیت کے بعدلاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور تجویز ٹریفک پولیس کی جانب سے پیش کر دی گئی ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار بنا ہیلمٹ کے دوسری سواری کو اتار کر بس میں بٹھایا جائے گا۔اس مقصد کے لیے سی ٹی او نے حکومت کو مراسلہ لکھا ہے کہ وہ مال روڈ پر اضافی بسیں چلائے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت صرف موٹرسائیکل سواروں کے لیے قانون سازی کر رہی ہے جبکہ موٹر سائیکل مڈل کلاس کی سواری ہے ،اس سے عوام میں غم و غصہ بڑھے گا۔