اسلام آباد ائیرپورٹ کی کسٹم عمارت رسک قرار

كسٹم بلڈنگ ميں افتتاح كے 6 ماہ بعد ہی دراڑيں پڑ گئی ہیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 5 دسمبر 2018 23:57

اسلام آباد ائیرپورٹ کی کسٹم عمارت رسک قرار
اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 دسمبر 2018ء) اسلام آباد ائیرپورٹ میں موجود كسٹم بلڈنگ ميں افتتاح كے 6 ماہ بعد ہی دراڑيں پڑ گئی ہیں، حکام نے عمارت کو رسک قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق جب اسلام آباد ائیرپورٹ کا افتتاح کیا گیا تھا تو اس کو لے کر گزشتہ حکومت کی جانب سے بلند و بانگ دعوے کئیے گئے تھے تاہم جب سے یہ ائیرپورٹ آپریشنل ہوا ہے تب سے تنازعات کا شکار ہے ۔

کبھی یہاں کتے گھس آتے ہیں تو کبھی کسی پر اسرار مخلوق کا سایہ دکھائی دینے لگتا ہے۔9 اکتوبر یہاں ایک ہی دن میں دو حادثے وقوع پذیر ہوئے تھے۔اسلام آباد ایئرپورٹ کےبین الاقومی لاؤنج میں واقع آفس کےچھت کی سیلنگ گرگئی تھی ۔چھت کی سیلنگ گرنےسےآفس میں موجود2افرادزخمی ہو ئے تھے۔دوسری جانب اسی روز نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کو طیارے تک لے جانے والا ٹنل برج گر گیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔ مسافروں کو طیارے تک پہنچانے والا برج گرنے سے زخمی ہونے والا شخص ٹنل آپریٹرتھا۔ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق بحرین جانے والے طیارے کے ساتھ جوڑا جانے والا برج ٹنل طیارے کے پیچھے لگنے کے باعث زمین پر آن گرا تھا۔تاہم اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ اسلام آباد ايئر پورٹ پر مدت سے پہلے ہی مكمل ہونے والی كسٹم کے زيراستعمال عمارت ميں مختلف جگہوں پردراڑيں پڑ گئی ہیں، عمارت کا معائنہ كرنے كے بعد سول ايوی ايشن اتھارٹی نے بلڈنگ كو ایئرپورٹ کے لئے رسک قراردے ديا اور متعلقہ حكام كوخطرے سے آگاہ كر ديا ہے۔

مرتب کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمارت کا تخمینہ لگوایا جائے اور عمارت خالی کروائی جائے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کے حوالے سے یہ باتیں بھی گردش میں رہی ہیں کہ اسلام آباد ائیرپورٹ قبرستان کی جگہ پر بنایا گیا ہے اور اسی وجہ سے یہاں پراسرار واقعات رونما ہوتے ہیں تاہم ان خبروں کو حکام کی جانب سے محض افواہیں قرار دیا جاتا ہے۔